خواتین کو بلیک میل اور چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کو سزاء متاثرہ خواتین کی شکایت پر شی ٹیم کی کارروائی

   

حیدرآباد ۔ 19 اکٹوبر (سیاست نیوز) شادی کیلئے اصرار کرتے ہوئے ایک خاتون کو بلیک میل کرنے والے ایک شخص کو شی ٹیم نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہیکہ 23 سالہ درخواست گذار خاتون کو گچی باؤلی کے ساکن شریکر راؤ نے خاتون سے دوستی کی اور بعدازاں اس سے جسمانی تعلقات قائم کرنے کیلئے زبردستی کی۔ شادی کیلئے اصرار بھی کرنے لگا اور انکار پر وہ اس کے نجی تصاویر کی بنیاد پر خاتون کو بلیک میل کرنے لگا۔ سریکر جو خانگی ملازم بتایا جاتا ہے کی انتہاء سے زیادہ ہراسانی سے تنگ آ کر خاتون نے شی ٹیم سے رجوع ہوکر ایک شکایت درج کروائی تھی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ نامپلی کورٹ کے اسپیشل میٹرو بولیٹن مجسٹریٹ نے سریکر کو 5 دن کی سزاء سنائی۔ ہراسانی کے ایک اور معاملہ میں شی ٹیم نے ٹیوشن پڑھانے والے استاد کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہیکہ آن لائن ٹیوشن کلاسیس کیلئے ایک خاتون نے رحمن نامی استاد سے رابطہ قائم کیا تھا اور وہ ان کی بیٹی کو آن لائن تعلیم دے رہا تھا۔ ان لائن کلاسیس کے دوران وہ کم عمر لڑکی کو جھانسہ دیتے ہوئے اس کی ماں کی تصاویر حاصل کیں اور ان کی بنیاد پر وہ خاتون کو بلیک میل کرنے لگا۔ شادی کیلئے اصرار کرنے والے استاد کے خلاف خاتون نے شی ٹیم سے شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا اور عدالت میں پیش کیا گیا جس کے نتیجہ میں اسے سکندرآباد میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ نے 8 دن کی سزاء سنائی۔ اسی طرح این ٹی آر گارڈن کے پاس لڑکیوں سے چھیڑچھاڑ کرنے والے دو نوجوان محمد حسین اور محمد سیف کو شی ٹیم نے گرفتار کرلیا۔