کورٹلہ میں مفت ٹیلرنگ سنٹر کا افتتاح، الیاس احمد خان و دیگر کا خطاب
کورٹلہ /29 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) روزنامہ سیاست کے تعاون سے جماعت اسلامی کورٹلہ کے زیر اہتمام محلہ بلال پورہ کورٹلہ میں چلائے جارہے مفت ٹیلرنگ سنٹر کا امیر مقامی کورٹلہ جماعت اسلامی الیاس احمد خان نے افتتاح انجام دیا۔ اس افتتاحی تقریب میں سکریٹری شعبہ خدمت خلق محمد عبداللطیف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ تقریب کی نگرانی محترمہ حمیرہ نے کی۔ اس موقع پر جناب الیاس احمد خان ، جناب عبداللطیف نے کہا کہ روزنامہ سیاست کے تعاون سے جماعت اسلامی کورٹلہ کے زیر اہتمام خواتین کو خود مکتفی بنانے اور انہیں روزگار فراہم کرنے کے مقصد کے تحت کورٹلہ کے چار مقامات پر مفت سلائی سنٹرس چلائے گئے ہیں۔ جہاں سے 200 خواتین و طالبات نے تربیت حاصل کی ہے۔ انہوں نے حدیث کے حوالے سے کہا کہ جس میں اللہ کے رسول نے فرمایا ’’ تم میں بہترین شخص وہ ہے جو لوگوں کیلئے نافع ہو‘‘۔ جماعت اسلامی ہمیشہ خدمت خلق کے کاموں میں مصروف اور آگے آگے رہتی ہے ۔اس موقع پر خواتین ارکان ناز تسکین ، ثمینہ بیگم ، انسٹرکٹر شفانہ بیگم اور دیگر خواتین موجود تھیں۔