وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ کا بیان
حیدرآباد۔یکم۔اگسٹ(سیاست نیوز) ریاستی حکومت خواتین کو خود مکتفی بنانے کے عہد کی پابند ہے اور ریاستی حکومت کی جانب سے خواتین کو قرضہ جات کی فراہمی کے سلسلہ میں خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ریاستی وزیر پنچایت راج مسٹر ای دیاکر راؤ نے آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ریاست کی تمام خواتین کو جو تجارت یا صنعت کے قیام کے ذریعہ خود مکتفی ہونے کی خواہشمند ہیں انہیں فوری مدد فراہم کی جائے گی۔ مسٹر ای دیاکر راؤ نے بتایا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ایک دوراندیش اور مدبر سیاستداں ہیں جنہوں نے ریاست میں تمام طبقات کی ترقی کے ساتھ ساتھ خواتین کی ترقی کیلئے بھی جامع منصوبہ تیار کیا ہے اور اسی منصوبہ کے تحت ’’ ستری ندھی‘‘ قرض اسکیم کی شروعات عمل میں لائی جا رہی ہے جس سے دیہی خواتین کے علاوہ مواضعات سے تعلق رکھنے والی خواتین استفادہ کرسکیں گی۔ حکومت کی جانب سے شروع کی جانے والی اس اسکیم کے سلسلہ میں مسٹر ای دیاکر راؤ نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت قرض حاصل کرنے والوں کے قرض کو انشور کروایاجائے گا اور جتنا قرض حاصل کیا گیا ہے اتنی رقم کا انشورنس کروایاجائے گا اگر کسی وجہ سے قرض حاصل کرنے والے کی موت واقع ہوجاتی ہے تو ایسی صورت میں انشورنس کی رقم کے ذریعہ قرض کی ادائیگی عمل میں لائی جائے گی اور اگر قرض حاصل کرنے والے کی جانب سے کچھ رقم ادا کردی گئی ہے تو جو رقم قرض کی ہوگی وہ ادا کرنے کے بعد مابقی رقم لواحقین کے حوالہ کردی جائے گی۔ریاستی وزیر نے بتایا کہ تلنگانہ میں تمام طبقات کی یکساں ترقی کیلئے جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس منصوبہ کے تحت ریاست کی مجموعی ترقی انجام دی جا رہی ہے اور مستقبل قریب میں اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے نتائج منظر عام پر آئیں گے۔انہو ںنے بتایا کہ خواتین میں بچت کی صفت ہوتی ہے اور خواتین کو خود مکتفی بنانے کے اقدامات کئے جاتے ہیں اور انہیں تجارت یا صنعت کے لئے قرض فراہم کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں وہ نہ صرف خود کے حالات کو بہتر بنا سکتی ہیں بلکہ وہ خاندان کے معاشی حالات میں تبدیلی لاسکتی ہے۔اسی لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے خواتین کو خود مکتفی بنانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ان کی ترقی کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں جن میں ستری ندھی اسکیم ایک اہم پیشرفت ثابت ہوسکتی ہے۔