پٹنہ، 26 ستمبر (یواین آئی) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جمعہ کو پٹنہ میں منعقدہ ‘خواتین ڈائیلاگ’ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے کئی اہم اعلانات کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ خواتین کی محنت، جدوجہد اور شراکت کو نہ صرف تسلیم کیا جانا چاہئے بلکہ براہ راست فائدہ بھی دیاجائے ۔ اپنے خطاب میں پرینکا گاندھی نے کہا کہ اگر ان کی حکومت بنتی ہے تو ضرورت مند خواتین کو ماہانہ 2500 روپے کی مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ ہم آپ کے اعزازیہ میں اضافے اور آپ کی عزت کے لیے ہر وہ کام کریںگے جوضروری ہے ۔ راجستھان حکومت کی اسکیم کا حوالہ دیتے ہوئے ، انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ ‘ہم نے راجستھان حکومت کی طرز پر بہار میں بھی 25 لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس اسکیم کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے تحت دوا، سرجری اور علاج جیسی تمام ہیلتھ خدمات مفت فراہم کی جائیں گی۔ یہ انشورنس اسکیم خواتین اور ان کے خاندانوں کے لیے ہوگی، تاکہ کسی کو علاج کے لیے جدوجہد نہ کرنی پڑے۔ پرینکا نے کہا کہ ‘ہم نے بے زمین خاندانوں کو تین سے پانچ ڈسمل تک زمین دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔
اور مالکانہ حقوق خواتین کے نام ہوں گے ۔ آپ پورے سماج کا بوجھ اٹھاتی ہیں، لیکن حکومت اور معاشرہ آپ کی طرف دیکھتا تک نہیں ہے ۔ انہوں نے خواتین کو جذباتی اور سیاسی طور سے بیدار کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا،کہ آپ اتنی جدوجہد کا سامنا کر رہی ہیں، اتنا بوجھ اٹھا رہی ہیں، کیا ان جدوجہد کو تسلیم نہیں کیا جانا چاہیے ؟ ان جدوجہد کو اب طاقت میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ، آپ کی زندگی میں 20 سال سے کوئی ترقی نہیں ہوئی، اس لیے اپنے دلوں میں تبدیلی کا شعلہ روشن کریں۔ کانگریس جنرل سکریٹری مسز گاندھی نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کے حق کا ذمہ داری سے استعمال کریں اور انتخابات میں صحیح لیڈر کی شناخت کریں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران جو اپنا چہرہ دکھانے کیلئے آتاہے اس کے ارادوں کو پہچانیں اورجو سچ میں آپ بھلائی چاہتاہو اسے منتخب کریں۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار اور بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اگر آپ برابری اور انصاف چاہتی ہیں تو آپ کو اس الیکشن میں نتیش کمار اور بی جے پی حکومت کو ہرانا ہوگا۔ محترمہ گاندھی نے کہا کہ ان کے بھائی راہل گاندھی نے پورے ملک میں سماجی انصاف کے لیے جدوجہد کی ہے اور اس انصاف میں خواتین کو لیے برابری اور احترام ملنا ضروری ہے ۔ الیکشن آرہے ہیں؛ آپ اپنے حالات جانتی ہیں۔ اب انتخابی اور سیاسی حالات کوبھی سمجھئے ۔ اس الیکشن میں نتیش کمار اور بی جے پی حکومت کو ہرانا ہوگا۔اگر آپ عزت اور انصاف چاہتی ہیں تو ایک نئی حکومت بنانی پڑے گی۔