حیدرآباد (سندھ) : پاکستانی صوبہ سندھ کے محکمہ اوقاف نے کہا ہے کہ صوبے کی مساجد میں خواتین کے لیے الگ جگہ بنائی جائے تاکہ خواتین بھی مساجد میں نماز ادا کر سکیں۔خواتین کے لیے مساجد میں الگ جگہ بنانے کے حوالے سے یہ فیصلہ کراچی میں نگراں صوبائی وزیر عمر سومرو کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ نگراں صوبائی وزیر عمر سومرو کے زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں صوبے میں خواتین کے لیے مساجد میں الگ جگہ بنانے کے حوالے سے انگریزی، اردو، سندھی اور گجراتی زبانوں میں آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ساتھ ساتھ صوبے میں قائم مساجد اور مدارس کا ڈیٹا بھی جمع کیا جائے گا۔ نگراں حکومت کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ اس اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر 77 مساجد میں خواتین کے لیے نماز پڑھنے کی الگ جگہ مختص کی جائے گی۔ یہ تمام مساجد محکمہ اوقات کے زیر انتظام ہیں۔