کریم نگر میںسواشکتی خواتین میں چیکوں کی تقسیم پروگرام سے ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر کا خطاب
کریم نگر: محنت ، جستجو ، بلند حوصلہ اور مضبوط لائحہ عمل کے ساتھ کامیابی ممکن ہے۔ ریاستی وزیر برائے صحت و طبابت ایٹالہ راجندر کا بیان۔ بروز چہارشنبہ ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر کے کیمپ آفس میں حضورآباد اسمبلی حلقہ کے سواشکتی خواتین ادارے سے وابستہ خواتین میں بینک قرضہ جات کے چیکوں کی تقسیم کے لئے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ 19 سواشکتی مہیلا سنگھم میں 15.50 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خواتین جو صبرو ہمت کی مثال قرار دی جاتی ہیں خواتین محنت و جستجو کے ساتھ کسی بھی شعبہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے مقصد سے متعدد اسکیمات کو متعارف کررہی ہے خواتین کو بینک قرضوں کی فراہمی کا مقصد انہیں مدد فراہم کرتے ہوئے ترقی کے لئے راہیں ہموار کرنا ہے۔ انہوں نے خواتین کو بینک قرضہ جات کے استفادہ کا مشورہ دیااور معاشرے میں رونما ہورہے تبدیلیوں کے مدنظر کاروباری شعبوں کے انتخاب کی صلاح دی۔ضلع کلکٹر کریم نگر کے۔ ششانکا نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضور آباد اسمبلی حلقے میں اہل خواتین کو بینک قرضہ جات کی فراہمی کے لئے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔اسی کے تحت پہلے مرحلے میں چیکوں کی تقسیم کے لئے اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا ، حضور آباد ، جمی کنٹہ ، ویناونکا اور ایلنداکنٹہ میں خواتین امدادی گروپوں سواشکتی اداروں سے وابستہ خواتین میں بینک قرض منظور کرتے ہوئے چیک تقسیم کئے گئے۔ انہوں نے مستفید خواتین سے قرضہ جات کے بہتر استعمال کے ساتھ سماجی و معاشی ترقی حاصل کرنے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس پروگرام میں ایڈیشنل کلکٹر مجالس مقامی نرسمہا ریڈی , ضلع عہدیدار برائے دیہی ترقی وینکٹیشورراؤ , میپما پی ڈی رویندر ، ایل ڈی ایم۔ لکشمن ، ڈسٹرکٹ انڈسٹریز سنٹر جنرل منیجر نوین کمار ، زیڈ پی ٹی سی بکا ریڈی ، شریرام شیام ، مونسپل چیئر پرسن رادھیکا ، ایم پی پی ، رانی ، رینوکا و دیگر نے شرکت کی۔
