خواتین کو مفت بس سفر کی سہولت کا آغاز

   

نظام آباد ضلع کلکٹر نے جھنڈی دکھائی اور تھوڑی دورتک سفر کیا
نظام آباد :9؍ ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)نو منتخب حکومت کے کانگریس پارٹی کے 6 گیارنٹی اسکیمات کے تحت خواتین کو بس میں مفت سفر اور 10لاکھ روپئے تک راجیو آروگیہ اسکیم کا آج ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے کانگریس قائدین طاہر بن حمدان ، ضلع کانگریس صدر موہن ریڈی و دیگر قائدین کے ہمراہ شروع کیا ۔ بس اسٹانڈ میں مہا لکشمی اسکیم کے تحت خواتین کو مفت سفر کی سہولت اسکیم کا ضلع کلکٹر نے جھنڈی دکھاکر آغاز کیا اور تھوڑی دور تک بس میں سفر کیا اور ٹکٹوں کو خواتین میں تقسیم کیا ۔ خواتین نے مفت سفر کے آغاز پر حکومت سے اظہار تشکر کرتے ہوئے حکومت کی تائید میں نعرہ بازی کی تو کانگریس پارٹی کے بعض قائدین کی جانب سے زبردست آتش بازی کی گئی ۔ ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے کہا کہ راجیو آروگیہ شری اسکیم کے تحت پچھلی حکومتوں میں 5 لاکھ روپئے انشورنس کی رقم فراہم کی جاتی تھی اور اب اس میں 10لاکھ روپئے کیا گیا اور سالانہ 10لاکھ روپئے تک علاج و معالجہ کیا جاسکتا ہے اور آرٹی سی بسوں میں مہا لکشمی اسکیم کے تحت پلے ویلگو اور ایکسپریس بسوں میں مفت میں سفر کیا جاسکتا ہے اس کیلئے کوئی عمر کی قید نہیں ہے ۔ زنخہ طبقہ بھی اس سے استفادہ کرسکتے ہیں استفادہ کنندگان آدھار ، ڈرائیونگ لائسنس ، الیکشن آئی ڈی و دیگر شناختی کارڈ بتاتے ہوئے سفر کرسکتے ہیں ۔ اس موقع پر آرٹی سی آر ایم جان ریڈی ، سپرنٹنڈنٹ گورنمنٹ ہاسپٹل پرتیما راج و دیگر بھی موجود تھے۔