نظام آباد میں یوم خواتین تقریب ، ریاستی وزیر سیتا اکا و دیگر کا خطاب
نظام آباد۔ 7 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنے سے سماج کی ہمہ جہت ترقی ممکن ہو سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر برائے دیہی ترقی و خواتین و اطفال بہبود داناسوری سیتکا نے کیا۔ یہ آج نظام آباد میں وجئے لکشمی گارڈن میں منعقدہ عالمی یومِ خواتین کے موقع سکیورٹی کونسل کے زیراہتمام منعقدہ خواتین کی بااختیاری سے متعلق بیداری اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ پروگرام کا آغاز مہمانانِ خصوصی کی جانب سے شمع روشن کرنے اور وندے ماترم گیت پیش کرنے سے ہوا۔اپنے خطاب میں سیتکا نے کہا کہ خواتین کے حقوق اور مساوات کے لیے دنیا بھر میں طویل جدوجہد کی گئی جس کے نتیجہ میں ہر سال 8؍ مارچ کو عالمی یومِ خواتین منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو تعلیم اور مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ سماج کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں۔اس موقع پر نظام آباد سکیوریٹی کونسل کے چیئرمین و پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی یومِ خواتین کے موقع پر نوجوانوں میں بیداری پیدا کرنے اور سماج میں منشیات جیسی برائیوں کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لیے اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع نظام آباد زرعی، تجارتی اور طبی اعتبار سے اہم مقام رکھتا ہے اور یہاں سیکوریٹی، ٹریفک سیفٹی اور سائبر سکیورٹی سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنا ضروری ہے۔ اس موقع پر ’’سُرکشا دیپ‘‘ کے نام سے حفاظتی بورڈس بھی جاری کیے گئے جنہیں سرکاری اور خانگی اداروں میں نصب کیا جائے گا تاکہ خواتین کو تحفظ اور رہنمائی فراہم کی جا سکے۔تقریب میں نظام آباد کے رکن پارلیمنٹ دھرم پوری اروند، رکن اسمبلی اربن دھنپال سوریا نارائنا گپتا، رورل رکن اسمبلی بھوپتی ریڈی، میئر کے اومارانی، نظام آباد سکیورٹی کونسل کے کنوینر ڈی سی پی (ایڈمن) جی بسوا ریڈی، خازن کے سنتوش کمار، جنرل سکریٹری کویتا ریڈی، این ایس سی رکن رجنیکانت، کاماریڈی اے سی پی چیتنیا ریڈی، ڈی ایف او نکھیتا، نوڈا چیئرمین کیش وینو اور مختلف کالجوں کی طالبات سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔