ویمن سیفٹی ونگ کا ورکشاپ، ملک بھر کے ماہرین کی شرکت
حیدرآباد۔ تلنگانہ ویمن سیفٹی ونگ محکمہ پولیس کی جانب سے خواتین کو ہراسانی کے مسئلہ پر آن لائن ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ عالمی یوم خواتین کے موقع پر منعقدہ اس ورکشاپ میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ویمن سیفٹی ونگ ایک ہفتہ طویل شعور بیداری پروگرام منعقد کررہا ہے۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ویمن سیفٹی سواتی لکڑا نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ہراسانی کے واقعات کو کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ خاص طور پر دفاتر اور دیگر کام کے مقامات پر اس طرح کے واقعات میں کمی آئی ہے۔ اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ کی اسپیشلسٹ ایس اپادھیائے نے دفاتر اور دیگر کام کے مقامات پر خواتین کو ہراسانی کا ذکر کیا اور کہا کہ خواتین اس طرح کے واقعات کا مقابلہ کررہی ہیں اور پولیس میں شکایات درج کی جارہی ہیں۔ پروفیسر نیشتا وائس چانسلر ہماچل پردیش لاء یونیورسٹی نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کیلئے قوانین پر موثر عمل آوری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں صورتحال سے مقابلہ کیلئے تیار کیا جائے۔ مسز ریکھا شرما چیرپرسن نیشنل کمیشن فار ویمنس، شریمتی سومتی ڈی آئی جی ویمن سیفٹی ونگ اور دوسروں نے مخاطب کیا۔شہر سے تعلق رکھنے والے مختلف اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں نے زوم ایپ کے ذریعہ ورکشاپ میں حصہ لیا ۔ورکشاپ کے درمیان پولیس عہدیداروں نے سوالات کے جوابات دئیے ۔