کم عمر کی شادیاں ناکام، 106 منچلے نوجوانوں کیخلاف کارروائی، شی ٹیم کی کارکردگی
حیدرآباد ۔ 27 اگست (سیاست نیوز) شوہر کو تصاویر بنانے کی دھمکی دیتے ہوئے عصمت ریزی کرنے والے ایک سوئمنگ کوچ اور 13 سالہ طالبہ کے ساتھ کلاس روم میں دست درازی کرنے والے 57 سالہ اسکول ٹیچر بس میں خاتون مسافر کو ہراساں کرنے والے بس کنڈیکٹر کو رچہ کنڈہ شی ٹیم نے گرفتار کرلیا۔ اپنی 10 ہفتوں کی کارروائی کی رپورٹ میں رچہ کنڈہ شی ٹیم نے بتایا کہ اس دوران 4 کم عمر شادیوں کو ناکام بنایا گیا اور 106 منچلے نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ شی ٹیم نے کل 82 مقدمات درج کئے۔ حراست میں لئے گئے منچلے نوجوانوں میں 41 کم عمر بتائے گئے ہیں۔ شی ٹیم کے مطابق ضلع پریشد ہائی اسکول مہیشورم کے انگلش اسکول ٹیچر 57 سالہ وی سرینواس کو گرفتار کرلیا گیا اور اس کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ متاثرہ لڑکی اس اسکول میں ساتویں جماعت کی طالبہ بتائی گئی ہے۔ اس اسکول ٹیچر سرینواس کی جانب سے لڑکی کو شدید ہراسانی کا سامنا تھا۔ اسکول ٹیچر ،لڑکی کے ساتھ دست درازی کرتا تھا۔ لڑکی کے جسم کو چھوتا اور جسم کے اعضاء کو بار بار چھوتے ہوئے لڑکی کو پریشان کررہا تھا۔ پولیس سمجھتی ہیکہ انگلش ٹیچر لڑکی کو جنسی طور پر لبھانے کی کوشش میں تھا تاکہ اس کی کم عمر کو اپنی حوس کا شکار بنایا جاسکے۔ شکایت پر تحقیقات کرتے ہوئے پولیس نے اسے گرفتار کرلیا جبکہ ایک اور واقعہ میں سوئمنگ کے کوچ 23 سالہ ایم سجیت کو گرفتار کرلیا گیا۔ متاثرہ شکایت گذار خاتون نے اپنے دو بچوں کو تیراکی سکھانے کیلئے سوئمنگ کوچ کی مدد لی تھی اور سجیت بچوں کو بہتر انداز میں سوئمنگ کیلئے علاقہ میں واقع پلوی ماڈل اسکول سوئمنگ پول میں داخلہ دلایا۔ بچوں کے ساتھ روزانہ ملاقات کے سبب سجیت خاتون سے قریب ہوگیا اور اس کی تصاویر کو حاصل کرلیا جس کے ذریعہ سجیت خاتون کو ہراساں کرنے لگا۔ خاتون کی تصاویر شوہر کو پیش کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے بلیک مل کررہا تھا اور اس نے خاتون سے ایک لاکھ روپئے بھی حاصل کرلئے تھے۔ ایک دن مکان میں خاتون کے شوہر کی غیرموجودگی کی اطلاع حاصل کرکے اس کے گھر پہنچا اور خاتون کی عصمت ریزی کی۔ اس سے قبل خاتون کی جانب سے جنسی وابستگی کی پیشکشی پر برہمی کے بعد سجیت نے خاتون کو مارپیٹ کا نشانہ بنایا اور گھر میں داخل ہوکر خاتون کی عصمت ریزی کی شکایت کے بعد پولیس نے جال بچھا کر سوئمنگ کوچ کو گرفتار کرلیا اور میڑپلی پولیس کے حوالے کردیا۔ تیسرے واقعہ میں 33 سالہ امباٹی انیل کمار کو گرفتار کیا جو پیشہ سے آر ٹی سی بس کنڈکٹر ہے۔ شکایت گذار خاتون جو پیشہ سے خانگی ملازمہ ہے، بس میں سفر کرنے کے دوران بس کنڈکٹر اس خاتون کو ہراساں کررہا تھا۔ بس ٹکٹ کی اجرائی کے دوران خاتون کے جسم کو بار بار چھوا کرتا تھا۔ شی ٹیم نے اس بس کنڈکٹر کو گرفتار کرتے ہوئے میڑپلی پولیس کے حوالے کردیا۔ع