خواتین کیلئے بی آر ایس کا علیحدہ منشور ہوگا

   

خصوصی مواقع فراہم کرنے پر غور ۔ کے ٹی راما راؤ
حیدرآباد 19 نومبر (سیاست نیوز) بھارت راشٹرا سمیتی خواتین کیلئے علیحدہ انتخابی منشور کی اجرائی عمل میں لائے گی۔ کارگذار صدر بی آر ایس کے ٹی راما راؤ نے خواتین کو تیقن دیا کہ اُن کی پارٹی اپنے منشور میں خاتون صنعت کاروں، ملازمین کے علاوہ دیگر کیلئے خصوصی منصوبے کو شامل کرے گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ خواتین کیلئے علیحدہ منشور کی تیاری کے مذاکرات جاری ہیں اور پارٹی ریاست میں خواتین کیلئے مخصوص جامعات کے قیام کے علاوہ جِم اور میٹرو اسٹیشنس تک مفت شیٹل سرویس کے آغاز پر غور کررہی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ بی آر ایس حکومت میں خواتین کیلئے مخصوص We Hub کا قیام عمل میں لایا جس کے تحت 4 انڈسٹریل پارکس قائم کئے گئے جن میں سلطان پور، نندی گاما اور کوہیڑا شامل ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ اِس پروگرام کے تحت خواتین کو صنعتی پلاٹس حوالے کئے گئے تاکہ وہ صنعتوں کو قائم کرسکیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اُن کی پارٹی خواتین کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے علاوہ سائبر جرائم سے نجات کیلئے قانون سازی کا منصوبہ رکھتی ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ آزادی اظہار خیال کے نام پر کسی کو نشانہ نہیں بنایا جاسکتا۔ اِسی لئے اُن کی حکومت خواتین کو تحفظ فراہم منصوبہ بندی کررہی ہے۔ خواتین کے پروگرام سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ بی آر ایس نے اپنے دور اقتدار میں کلیان لکشمی کے علاوہ اماں وڈی پروگرام اور کے سی آر کٹس کے ذریعہ خواتین کی فلاح و بہبود کے اقدامات کئے ہیں۔ اِن اقدامات کو جاری رکھا جائے گا اور جلد خواتین کیلئے انتخابی منشور کی اجرائی عمل میں لائی جائیگی۔