پرائمری ہیلت سنٹرس اور بستی دواخانوں میں معائنوں کی سہولت
حیدرآباد۔/23 اگسٹ، ( سیاست نیوز)تلنگانہ حکومت نے تمام سرکاری دواخانوں میں خواتین کیلئے آروگیہ مہیلا اسکیم کا آغاز کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت ہر منگل کے دن 18 سال سے زائد عمر کی خواتین کو لیڈی میڈیکل آفیسر کے ذریعہ خصوصی طبی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔ پرانے شہر کے چندو لال بارہ دری علاقہ میں اربن پرائمری ہیلت سنٹر میں ڈاکٹر سیدہ آفرین میڈیکل آفیسر کی جانب سے خدمات انجام دی جارہی ہیں۔ جی ایچ ایم سی کی پراجکٹ آفیسر ڈاکٹر شلپنی کی جانب سے پروگرام کی نگرانی کی جارہی ہے۔ حیدرآباد کے ڈسٹرکٹ میناریٹی اینڈ ہیلت آفیسر ڈاکٹر وینکٹی نے پروگرام پر کامیاب عمل آوری کے اقدامات کئے ہیں۔ نئی اسکیم کے تحت خواتین میں شوگر ، بی پی، کینسر، ویٹ مینجمنٹ اور دیگر مختلف عوارض سے متعلق جملہ 134 ٹسٹ کئے جاتے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر مریضوں کو مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل، گاندھی ہاسپٹل، گورنمنٹ میٹرنٹی ہاسپٹل سلطان بازار اور عثمانیہ ہاسپٹل سے رجوع کیا جاتا ہے۔ شہر کے تمام اربن پرائمری ہیلت سنٹرس اور بستی دواخانوں میں اسکیم پر کامیابی سے عمل کیا جارہا ہے۔
