خواتین کیلئے ضروری تمام طبی معائنے تندہی کے ساتھ کئے جائیں

   

ضلع کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا کی طبی عہدیداران کو ہدایت

پداپلی۔25/مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔خواتین صحت مراکز کے ذریعہ ضلع کے خواتین کے طبّی معائنے تندہی کے ساتھ منعقد کرتے ہوئے انھیں علاج فراہم کرنے کی ضلع کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ پداپلی ضلع کے چیکو رائی سڑک پر واقع اربن پرائمری ہیلت سنٹرمیں قائم کردہ خواتین صحت مرکز ، پدابونکور موضع میں کنٹی ویلوگو کیمپ کی ضلع کلکٹر نے اچانک تنقیح کی۔ مرکزِ صحت میں آنے والی خواتین سے بات کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے کہا کہ خواتین صحت مراکز کے ذریعے 8 شعبہ جات میں خواتین کے ضروری ٹیسٹ کرائے جاتے ہیں اور بیماری کی تشخیص ہونے پرانھیں مفت علاج فراہم کیا جاتا ہے۔ آشا ورکرس، اے این ایمس کو خواتین صحت مرکز کے متعلق وسیع پیمانے پر تشہیر کرنے۔ ہر گھر پر خواتین صحت مرکز کا پوسٹر چسپاں کرنے، تمام خواتین کو بہتر علاج کی فراہمی کیلئے کوشاں رہنے کی انھوں نے ہدایت دی۔ ضلع میں ریت کے بھٹیوں میں کام کرنے والی خواتین کے تمام ٹسٹس کروائے جائیں، خواتین صحت مراکز کی کارکردگی کے متعلق انھیں آگاہ کیا جائے۔ ضلع کلکٹر نے مزید کہا کہ خواتین صحت مراکز میں کینسرکی اسکریننگ کی جائے گی، علامات والے خواتین کا ضلعی سطح پر ٹیسٹ کیا جائے گا اور بیماری کی تشخیص ہونے پر انہیں علاج فراہم کیا جائے گا۔ خواتین کے کلینک میں آنے والے مریضوں کی تفصیلات کا جائزہ لیتے ہوئے ضلع کلکٹر نے ایک خصوصی ایپ میں مریضوں کی تفصیلات درج کرنے کی ہدایت دی۔ خصوصی طبی علاج کے لیے بھیجے گئے کیسوں کی آشا ورکروں کے ذریعہ فالو اپ کروانے، خواتین مرکز صحت سے آنے والے خواتین کے لیے ریفرل ہسپتالوں میں خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔ اس موقع پر منڈل پنچایت افسر سدرشن،کنٹی ویلوگو پروگرام انچارج ڈاکٹر سروجنا، ہیلتھ ویمن سینٹر انچارج ڈاکٹر سوپنا، اے این ایمز، آشا وکرس، ڈیٹا انٹری آپریٹرز، متعلقہ عملہ و دیگر موجود تھے۔