لندن: رومانیہ کی عدالت نے مبینہ طور انسانی اسمگلنگ، ریپ اور خواتین کا جنسی استحصال کرنے کے الزامات کا سامنا کرنے والے سابق امریکی کک باکسر اینڈریو ٹیٹ پر فرد جرم عائد کردی ہے۔ اینڈریو ٹیٹ اور ان کے بھائی ٹرسٹن سمیت رومانیہ کی دو خواتین ملزمین پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔تمام ملزمین 7 خواتین کے خلاف بدسلوکی کی تحقیقات مکمل ہونے تک نظر بند ہیں۔ دوسری جانب ملزمین نے پہلے ہی اپنے اوپر لگے تمام الزامات کو مسترد کردیا ہے۔سابق کک باکسر اور ان کے بھائی رومانیہ میں انسانی اسمگلنگ کے مقدمے کا سامنا کرنے والے ہائی پروفائل مشتبہ افراد ہیں۔ باکسر خود کو ’عورتوں سے نفرت کرنے والا‘ کہتے ہیں، وہ اپنی متعدد ویڈیوز میں انتہائی پرتعیش زندگی کا اظہار کرچکے ہیں، وہ خوبصورت خواتین کے ساتھ ڈیٹ کرتے ہیں اور تیز کاروں کے ساتھ یا نجی جیٹ طیاروں میں گھومتے نظر آئے۔نظربند ہونے سے قبل چار مشتبہ افراد کو 29 دسمبر سے 31 مارچ تک پولیس کی تحویل میں رکھا گیا تھا۔