محبوب نگر۔ /18 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کو روبہ عمل لایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار ضلع ایس پی آر وینکٹیشورلو نے ریاستی پولیس ویمن سیفٹی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جڑچرلہ پولیس ٹریننگ سنٹر میں ایک روزہ تربیتی پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پریشان حال اور بے سہارا لوگوں کی مدد پولیس افسران کا اہم کام ہے اور ایسے قوانین کو لاگو کرنا جو ان کی آزادانہ زندگی کیلئے وضع کئے گئے ہیں۔ پولیس نے خواتین کی حفاظت کیلئے مختلف قوانین کے بارے میں شعور بیداری کا ایک پروگرام بنایا ہے۔ معاشرہ میں خواتین کی حفاظت جیسے اہم اور ضروری کام کیلئے شی پولیس ٹیمیں کام کررہی ہیں۔ ہمیں مزید بہتر نتائج کیلئے مزید مستعدی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ ایڈیشنل ایس پی راملو نے کہا کہ ضلعی پولیس عہدیداروں کی کارکردگی سب کیلئے مثالی ہونی چاہیئے۔ پروگرام میں متحدہ ضلع محبوب نگر کے ڈی ایس پیز، سرکل و سب انسپکٹران پولیس و دیگر عملہ موجود تھا۔