حیدرآباد ۔ آندھر اپردیش کے وزیر اعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے خدمات کی انجام دہی کے دوران جان کی قربانی دینے والے پولیس ملازمین اور عہدیداروں کی خدمات کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔انہوں نے وجئے واڑہ کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں یوم پولیس یادگار شہیداں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہورہا ہے کہ اے پی ہی ملک کی واحد ریاست ہے جس نے خواتین کی سلامتی کو اولین ترجیح دی ہے ۔ وزیر داخلہ کے طورپر خاتون کو مقرر کیاگیا ہے تاکہ خواتین کی سلامتی کویقینی بنایاجاسکے ۔ جگن نے کہا کہ حکومت نے ریاست بھر میں 18 دشا پولیس اسٹیشنس قائم کئے ہیں۔ انہوں نے کوویڈ19وبا کے دوران اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے مرنے والے ملازمین پولیس کو خراج پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ ان ملازمین پولیس نے اس وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے سخت جدوجہد کی ہے ۔