بلندشہر: سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو نے جمعرات کو بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کو خاتون سیکورٹی پر جھوٹ بولنا بند کردینا چاہئے ۔راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) صدر جینت چودھری کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا‘حال ہی میں بلند شہر میں ہاتھرس کی طرح پیش آئے اجتماعی عصمت دری و قتل کے واقعہ سے ہر کوئی سکتے میں ہے ۔حکومت لگاتار کہہ رہی ہے کہ ان کے میعاد کار میں لڑکیاں رات 12بجے بھی اپنے گھر سے باہر نکل سکتی ہیں اور کچھ بھی نہیں ہوگا’۔اکھلیش نے کہا کہ نہ صرف ریاست کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ بلکہ وفاقی وزیر امت شاہ اور حکومت سے وابستہ دیگر افراد لگاتار اس بات کی رٹ لگائے ہوئے ہیں کہ یوپی نظم ونسق کے بارے میں کافی آگے نکل چکا ہے لیکن واقعات روزانہ وقع پذیر ہورہے ہیں۔ بلند شہر کے واقعہ نے ہاتھرس کی یاد کو تازہ کردیا ہے ۔یہ ایک وحشیانہ جرم ہے ۔لہذا اب حکومت کو بہن بیٹوں کے تحفظ کے بارے میں جھوٹ بولنا بند کردینا چاہئے ۔قابل ذکر ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق 21جنوری کو بلند شہر میں ایک 16سالہ لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے بعد اس کا قتل کردیا گیا تھا۔متاثرہ کے اہل خانہ نے پولیس پر ان کی مرضی کے خلاف زبردستی رات میں لاش کی آخری رسومات کی ادائیگی کا الزام عائد کیا ہے ۔
