مفت بس سفر ،500 روپئے گیاس سلنڈر اور 200 یونٹ تک مفت برقی اسکیمات شامل
حیدرآباد۔ 20 مارچ (سیاست نیوز) ریاست میں کانگریس کی جانب سے پیش کردہ دوسرے مکمل بجٹ میں خواتین کو فائدہ پہنچانے والی اسکیموں کیلئے بھاری رقم مختص کی گئی ہے۔ ’’مہا لکشمی‘‘ اور ’’گروہا جیوتی‘‘ اسکیموں کو بڑے پیمانے پر فروغ دیا گیا۔ خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر، پکوان گیاس کیلئے 500 روپئے سلنڈر اور مکانات میں 200 یونٹ تک مفت برقی سربراہی، ان تینوں اسکیموں کیلئے بجٹ میں 7,108 کروڑ روپئے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ کانگریس نے اسمبلی انتخابات میں جو وعدے کئے تھے، ان میں 6 ضمانتیں بھی شامل تھیں۔ ریونت ریڈی نے 7 ڈسمبر 2023ء کو چیف منسٹر کے عہدہ کا حلف لیا اور اس کے دو دن بعد یعنی 9 ڈسمبر کو خواتین کیلئے مفت بس سفر کی اسکیم پر عمل آوری کا آغاز کیا۔ اس اسکیم کے تحت تاحال 149.66 کروڑ خواتین نے بسوں میں مفت سفر کیا جس سے 5,005.95 کروڑ روپئے کی خواتین بچت کرپائیں اور ساتھ ہی اس اسکیم کے تحت آر ٹی سی بسوں میں سفر کرنے والی خواتین کی تعداد 69% سے بڑھ کر 94% تک پہنچ گئی چنانچہ آر ٹی سی کی آمدنی میں اضافہ ہوا۔ حکومت نے گزشتہ سال خواتین کے آر ٹی سی میں مفت سفر کیلئے 4,084.43 کروڑ روپئے مختص کئے تھے، جبکہ موجودہ بجٹ میں 4,305 کروڑ روپئے مختص کئے۔ ریاست نے 43 لاکھ خاندان 500 روپئے والی گیاس اسکیم سے استفادہ کررہے ہیں۔ اس کیلئے کانگریس حکومت نے تاحال 433.20 کروڑ روپئے جاری کئے۔ اس کے علاوہ بجٹ میں 723 کروڑ روپئے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ تلنگانہ میں 50 لاکھ خاندان مفت برقی اسکیم سے استفادہ کررہے ہیں ، اس سے ہر خاندان کو ماہانہ ایک ہزار روپئے کی بچت ہورہی ہے۔ حکومت نے تاحال 1,775.15 کروڑ روپئے برقی سربراہ کرنے والی کمپنیوں کو بطور سبسڈی فراہم کئے ہیں۔ اس اسکیم کیلئے بجٹ میں 2,080 کروڑ روپئے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے سال 2025-26ء کے بجٹ میں 2,862 کروڑ روپئے مختص کئے گئے۔ 2
آئندہ ماہ سے راشن کارڈس پر باریک چاول کی فراہمی، تلنگانہ حکومت کا منصوبہ
حیدرآباد 20مارچ (یواین آئی)تلنگانہ حکومت عوامی نظام تقسیم کے تحت آئندہ ماہ سے راشن کارڈس پر باریک چاول کی فراہمی کامنصوبہ رکھتی ہے ۔وزیرسیول سپلائزاتم کمار ریڈی نے اشارہ دیا کہ حکومت آئندہ ماہ تک اس کی تیاری کر رہی ہے ۔ تاخیر کی بڑی وجہ اوپن مارکٹ میں عمدہ قسم کے چاول کی زیادہ طلب اور اس کے معیار کو یقینی بنانے درکار وقت ہے ۔حکومت ان چیلنجس سے نمٹنے کام کر رہی ہے تاکہ ریاست کے تمام راشن کارڈ رکھنے والوں کو باریک چاول فراہم کرنے کا اپنا وعدہ پورا کر سکے ۔ذرائع کے مطابق حکومت باریک چاول خریدنے سپلائرس سے مذاکرات کر رہی ہے ۔ حکومت نے چاول کی ذخیرہ اندوزی پر سخت نظر رکھی ہے تاکہ کوئی ناجائز منافع خوری نہ ہو۔ حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ عوام کو باریک چاول آسانی سے ملے اور کسی کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔