معصوم بچے ، ضعیف خواتین کے بشمول ہزاروں کی تعداد ، غیر مسلم طالبات بھی شریک
کرنول ۔20جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج ایک اور مرتبہ سرزمین کرنول احتجاجی مظاہروں سے دہل گیا ۔ نیشنل ویمنس فورم کے زیراہتمام این آر سی ، این پی آر اور سی اے اے کے خلاف احتجاجی جلوس منعقد کیا گیا جس میں ہزاروں خواتین نے حصہ لیا ۔ نیشنل ویمنس فورم کے علاوہ سی پی ایم ، سی پی آئی ، کانگریس و دیگر جماعتوں کی خواتین نے بھی جوق در جوق حصہ لیا ۔ صبح کے 8 بجے ہی سے خواتین اپنے شیرخوار بچوں کو لئے ہوئے رضاکارانہ اسلامیہ عربی و ڈگری کالج کے میدان میں جمع ہونے لگیں ۔ تقریباً 30ہزار سے زائد خواتین کی ایک قطار گنبد سلام خان سرکل ، میلاد چوک سے ہوتی ہوئی کلکٹریٹ کامپلکس پہنچی ۔ خواتین اور طالبات اپنے ہاتھوں میں پرچم تھامے ہوئیں تھیں ۔ وزیراعظم مودی، امیت شاہ ، یوگی و دیگر دشمنان اسلام کے خلاف نعرہ بازی کررہی تھیں ۔ جلوس سے خواتین رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے فسطائی طاقتوں کے خلاف آواز بلند کیا اور کہا کہ شہریت ترمیمی قانون کے نام پر مسلمانوں کے جمہوری حقوق کو ختم کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم خدا کے سوا کسی سے ڈرنے والے نہیں ہیں ۔ سیاہ قوانین کی واپسی تک احتجاج جاری رکھیں گے ۔ اس موقع پر ایک دستور نامہ گاندھی جی کے مجسمہ کو سونپا گیا ۔ سینکڑوں بچے ، بوڑھی خواتین جوش و جذبہ کے ساتھ احتجاج میں شریک تھیں ۔ غیر مسلم خواتین اور طالبات بھی موجود تھیں ۔