خاتون ملازمین پولیس کی فلم بینی ، کمشنر رچہ کنڈہ مہیش مرلی دھر بھگوت کا خطاب
حیدرآباد یکم / جنوری ( سیاست نیوز ) کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے کہا کہ سال 2020 میں رچہ کنڈہ پولیس خواتین کے تحفظ اور خود مختاری کیلئے خصوصی اقدامات کا ارادہ رکھتی ہے ۔ انہوں نے آج یہاں اپل کے ایک سنیما گھر میں خواتین پولیس ملازمین کیلئے بالی ووڈ کی فلم مردانی کی نمائش کا انتظام کیا اور کہا کہ خواتین کے خلاف مظالم کی روک تھام اور بالخصوص بردہ فروشی کے خلاف اس فلم میں بہت ساری معلومات کو فراہم کیا گیا ہے جو جرائم کی روک تھام کے سرگرم اور مثالی اقدامات انجام دینے والی رچہ کنڈہ پولیس کیلئے بہت ہی مفید ثابت ہوگی ۔ ساتھ ہی انہو ںنے سال 2020 کے عزائم ظاہر کرتے ہوئے خواتین پر زیادہ توجہ دیتے ہوئے کہا کہ عنقریب رچہ کنڈہ پولیس کی جانب سے شعور بیداری کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ایک ویان کے ذریعہ دیہی علاقوں میں خواتین کے خلاف مظالم کی روک تھام اور اس کے اقدامات اور خواتین کے متعلق شعور بیدار کیا جائے گا ۔