حیدرآباد۔/5 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے سٹی پولیس مزید موثر اقدامات کررہی ہے جسکے تحت پولیس کمشنر انجنی کمار نے ٹیکسی کیابس آپریٹرس کے انتظامیہ کا اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں پولیس کمشنر نے کیابس انتظامیہ سے کہا کہ ہر ٹیکسی میں ایک ایسا بٹن نصب کیا جائے جسے پولیس کمانڈ کنٹرول، ہاک آئی اور ڈائیل 100 سے مربوط کیا جائے۔ کمشنر پولیس نے کیابس انتظامیہ کو مشورہ دیا کہ ہر ٹیکسی پر ڈائیل 100 یا 112 کا اسٹیکر چسپاں کریں اور انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ٹیکسی ڈرائیور کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہ ہو۔ انجنی کمار نے بتایا کہ ٹیکسی ڈرائیورس کے ڈیٹا کو محفوظ رکھا جائے اور کسی ناگہانی حالات میں یہ مواد فوری پولیس کو فراہم کریں۔ اس اجلاس میں اڈیشنل کمشنر آف پولیس ٹریفک مسٹر انیل کمار اور دیگر عہدیدار بھی شامل تھے۔