قتل کے واقعہ پر کے سی آر خاموش، لواحقین کے ساتھ پولیس کا رویہ افسوسناک
حیدرآباد۔/30 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی نے افسوس کا اظہار کیا کہ خواتین کی طرف آنکھ اُٹھاکر دیکھنے پر آنکھیں نکال لینے کا دعویٰ کرنے والے چیف منسٹر کے سی آر وٹرنری ڈاکٹر کے بہیمانہ قتل پر خاموش ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ پرینکا ریڈی کے قتل پر ملک بھر میں افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے لیکن چیف منسٹر نے ابھی تک کارروائی تو کُجا اظہار افسوس تک نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو چاہیئے تھا کہ پرینکا ریڈی کے افراد خاندان سے ملاقات کرتے اور انہیں خاطیوں کے خلاف کارروائی کا بھروسہ دلاتے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اس واقعہ کی شدت سے مذمت کرتی ہے۔ چیف منسٹر نے خواتین کے تحفظ کیلئے خصوصی قوانین وضع کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک اس سلسلہ میں کوئی پہل نہیں کی گئی۔ چیف منسٹر کے دعوے محض عوام کو خوش کرنے کے لئے ہوتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مقتول ڈاکٹر کے والدین نے جب پولیس میں شکایت درج کی تو ان کے ساتھ غلط سلوک کیا گیا۔ پولیس عہدیداروں نے تلخ گفتگو کی۔ جیون ریڈی نے وزیر داخلہ محمود علی کے اُس بیان کو قابل اعتراض قرار دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ڈاکٹر کو چاہیئے تھا کہ وہ 100 پر ڈائیل کرتیں تاکہ پولیس کی مدد مل جاتی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کیلئے حکومت کو ذمہ داری قبول کرنی چاہیئے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ پولیس نے یہ کہتے ہوئے مقدمہ درج کرنے میں تاخیر کردی کہ جرم کا علاقہ ان کے تحت نہیں آتا۔ انہوں نے کمشنر پولیس کے بیان پر حیرت کا اظہار کیا کہ پولیس نے کوئی کوتاہی نہیں کی ہے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ پرینکا ریڈی کے افراد خاندان صاف طور پر پولیس کے رویہ کی شکایت کررہے ہیں لیکن کمشنر پولیس ماتحتین کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاطیوں کو عبرتناک سزا کے ذریعہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکا جاسکتا ہے۔