کڑپہ ضلع ایس پی کا دشا پولیس اسٹیشن کا دورہ اور مختلف امور کا معائنہ
کڑپہ ۔ 21 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع ایس پی کڑپہ کے کے این امبولاجن نے آج دشا پولیس اسٹیشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ریاستی حکومت اور محکمہ پولیس نے خواتین اور لڑکیوں کی حفاظت کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ انتباہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم اور ظلم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ وہ دوبارہ ایسی حرکت نہ کرسکیں۔ محکمہ پولیس اور حکومت نے خواتین کی حفاظت اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ریاست بھر میں دشا پولیس اسٹیشنوں کا قیام عمل میں لایا ہے۔ دشا پٹرولنگ کے لئے مہیلا پولیس کانسٹبلس کو خصوصی گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں جس کے ذریعہ سے خواتین اور لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں پر نگاہ رکھی جاتی ہے۔ خواتین پر مظالم کے روک تھام کے لئے قبل از وقت اقدامات کئے جاتے ہیں۔ ضلع بھر میں فیملی کونسلنگ سنٹرس کی کارکردگی پر خصوصی توجہ دینے کے لئے انہوں نے دشا ڈی ایس پی، آر واسودیون کو ہدایت دی۔ اس موقع پر امبولاجن نے دشا پولیس اسٹیشن میں کونسلنگ سنٹر اور دشا پولیس اسٹیشن کے مختلف کمروں کا معائنہ کیا اور وہاں پر موجود خواتین سے بات چیت کی۔ ان کے مسائل اور شکایات کے جلد حل کرنے کے لئے دشا پولیس عملے کو ہدایت دی۔ امبولاجن نے مہیلا پولیس کو ہدایت دی کے وہ کم عمر کی شادیوں پر خصوصی توجہ دے کر کارروائی کریں۔ ساتھ ہی اسکول چھوڑنے والی لڑکیوں کو دوبارہ اسکول سے رجوع کرنے کے اقدامات کی ہدایت دی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی ایس پی واسودیون، سرکل انسپکٹر ونئے کمار ریڈی، سب انسپکٹرس جیوتی، دوارکا اور مہیلا پولیس کانسٹبلس موجود تھے۔