کمشنر پولیس سی وی آنند، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار نے اسکیم کی ستائش کی
حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کو صاف ستھرا رکھنے کی مہم کے تحت مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے اشتراک سے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں موبائیل شی ٹائیلٹس متعارف کئے گئے۔ 12 موبائیل شی ٹائیلٹس کے ذریعہ خواتین کیلئے محفوظ اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کی کوشش ہے۔ ٹینک بنڈ پر موجود موبائیل شی ٹائیلٹ کا کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند اور کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار نے معائنہ کیا۔ خواتین کو یکساں حقوق فراہم کرنے اور جنس کی بنیاد پر امتیازی سلوک کو ختم کرنے کی مساعی کی ستائش کی۔ یہ موبائیل ٹائیلٹس تینوں پولیس کمشنریٹس کے حدود میں اہم سیاحتی ، تفریحی اور مصروف ترین تجارتی علاقوں میں قائم کئے گئے ہیں جہاں روایتی ٹائیلٹس کی تعمیر ممکن نہیں ہے۔ ان ٹائیلٹس کو صرف خواتین ہی استعمال کرسکتی ہیں۔ یہ خدمات اہم تہواروں جیسے گنیش، بونال اور نمائش کے دوران 24 گھنٹے برقرار رہتی ہیں۔ خواتین مفت میں اس سہولت سے استفادہ کرسکتی ہیں۔ ہر ٹائیلٹ میں 1000 لیٹر پانی محفوظ کرنے کی گنجائش موجود ہے اور بیک وقت چار خواتین استفادہ کرسکتے ہیں۔ ان موبائیل ٹائیلٹس کو جی پی ایس سسٹم سے مربوط کیا گیا ہے اور جن کی نگرانی انٹیگریٹیڈ کمانڈ کنٹرول سنٹر سے کی جاتی ہے۔ کمشنر پولیس سی وی آنند نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کے پس منظر میں موبائیل ٹائیلٹس اہمیت کے حامل ہیں۔ ریاستی حکومت، جی ایچ ایم سی اور سٹی پولیس شہر میں خواتین کی سیفٹی کے بارے میں ملکر کام کررہے ہیں۔ جی ایچ ایم سی کمشنر لوکیش کمار نے کہا کہ محفوظ شہر کی تعمیر کیلئے منصوبہ بند انداز میں اقدامات ضروری ہیں۔ اس موقع پر شریمتی شروتی اوجھا ایڈیشنل کمشنر جی ایچ ایم سی، جی بھوپال جوائنٹ کمشنر پولیس سی سی ایس، راجیش چندرا ڈی سی پی سنٹرل زون، شریمتی سریشا راگھویندرا ایڈیشنل ڈی سی پی شی ٹیم اور دوسرے عہدیدار موجود تھے۔ر