نئی دہلی : نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے خواتین سے مالی طور پر خود کفیل ہونے اور اپنے فیصلے خود لینے پر زور دیا اور کہا کہ خواتین کی حفاظت کیلئے سب کو مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی۔ دھنکھڑنے پیر کو جے پور کے مہارانی مہیلا مہاودیالیہ میں طالبات کے ساتھ بات چیت سے متعلق پروگرام ‘قوم کی تعمیر میں خواتین کی شراکت داری’ میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ خواتین انتظامیہ، فوج، کارپوریٹ ہر شعبے میں کامیابی کے نئے ریکارڈ بنارہی ہیں ۔ انہوں نے خواتین سے کہا کہ وہ اپنے فیصلے خود لیں اور مالی طور پر خودکفیل بنیں۔نائب صدر جمہوریہ نے نوجوانوں سے انتہائی مسابقت میں ملوث نہ ہونے کی اپیل کی اور کہا کہ وہ اپنی دلچسپی کے مطابق کیریئر کا انتخاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب آئین میں ترمیم کرکے خواتین کو پارلیمنٹ اور قانون ساز اسمبلیوں میں ان کی جائز نمائندگی ملے گی۔ اگر خواتین کو جلد ہی یہ ریزرویشن مل جاتا ہے تو ہندوستان 2047 سے پہلے عالمی طاقت بن جائے گا۔خواتین کی تعلیم پر زور دیتے ہوئے دھنکھڑنے کہا کہ ایک لڑکے کو تعلیم دینے سے صرف ایک خاندان ترقی کرتا ہے ، لیکن اگر ہم ایک لڑکی کو تعلیم دیں تو کئی خاندان تعلیم حاصل کرتے ہیں۔نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ خواتین کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کئی کوششیں کی گئی ہیں لیکن اب سماج کا نقطہ نظر بدل رہا ہے ۔ سال 2019 میں پہلی بار 78 خواتین ممبران پارلیمنٹ لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئی ہیں۔ خواتین کے تعاون کے بغیر دنیا ترقی نہیں کر سکتی۔