ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا اور ریاست وزیر سیتکا کی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد ۔ 24۔نومبر (سیاست نیوز) کانگریس حکومت نے خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے ایک اور پیشرفت کی ہے۔ ابھی تک مہا لکشمی اسکیم کے ذریعہ خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کرنے کی سہولت فراہم کرنے بعد تازہ طور پر خواتین کے سیلف ہیلپ گروپ کو بلا سودی قرض کے حصول کیلئے 304 کروڑ روپئے جاری کی ہے۔ 3,57,098 دیہی خواتین سیلف ہیلپ گروپ کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرادیا گیا ہے ۔ حیدرآباد میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا اور ریاستی وزیر سیتکا کی قیادت میں ڈی آر ڈی آئی عہدیداروں کا ایک ویڈیو کانفرنس اجلاس منعقد کیا گیا۔ ضلع ملگ کے دورہ پر رہنے والی ریاستی وزیر سیتکا ایٹو ناگارم سے ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیتکا نے کانگریس حکومت کو خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والی حکومت قرار دیا۔ خواتین کو معاشی طور پر خود مکتفی بنانے کیلئے ریونت ریڈی حکومت کی جانب سے کروڑ روپئے جاری کرنے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرض کے سود کا بوجھ خواتین پر عائد نہ ہو اس لئے کانگریس حکومت نے اس کی ذمہ داری قبول کرلی ہے تاکہ خواتین کو مختلف شعبوں میں ترقی کے مواقع فراہم کئے جاسکیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ کانگریس حکومت نے خواتین کی ترقی اور بہبود کا جو وعدہ کیا تھا ، اس پر عمل آوری کی جارہی ہے ۔ سابقہ بی آر ایس حکومت نے خواتین کی ترقی اور بہبود کو نظر انداز کردیا تھا تاہم ریونت ریڈی کی زیر قیادت کانگریس حکومت قدم قدم پر خواتین کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ ہر سال 25000 کروڑ روپئے بینک لنکیج کے ذریعہ خواتین کو قرض فراہم کئے جارہے ہیں۔ کانگریس حکومت نے تازہ طور پر مزید 304 کروڑ روپئے جاری کئے۔2
