محبوب نگر ۔ 13 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہم خواتین کی فلاح، ان کے مسائل پر سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی نے کہا کہ وہ منگل کی شام اپنے کیمپ آفس میں شہر محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے 53 استفادہ کنندگان میں کلیانہ لکشمی اور شادی مبارک کے چیکس تقسیم کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری عوامی حکومت کئی ایک مشکلات کا سامنا کررہی ہے، لیکن فلاحی اسکیمات کے ذریعہ غریب عوام اور مستحقین کی مدد برابر کرتی آرہی ہے۔ ہماری ریاست فلاح و بہبود کے مقابلے میں ملک بھر میں سرفہرست ہے۔ اس موقع پر ایم یو ڈی چیرمین لکشمن یادو، نرسمہا ریڈی، سدھاکر ریڈی، رامچندریا، مادھوا ریڈی، گوند یادو، ناگراج، راجو گوڑ، پی موہن ریڈی اور دیگر موجود تھے۔
بھاری بارشوں کا امکان، عوام محتاط رہیں: ایس پی میدک
میدک۔ 13 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران ضلع میں شدید بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ بارش کی شدت کے باعث ندی نالوں، تالابوں اور نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے کا خدشہ ہے۔ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈی وی سرینواس راؤ آئی پی ایس نے عوام سے اپیل کی کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، ندی نالوں، تالابوں اور کاز ویز کے قریب جانے سے گریز کریں، بچوں، ضعیف افراد اور حاملہ خواتین کو گھروں میں محفوظ رکھیں، بوسیدہ برقی تاروں، درختوں اور کمزور دیواروں کے قریب نہ جائیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری 100 نمبر یا قریبی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں۔ پولیس محکمہ ہر وقت عوام کی خدمت کیلئے دستیاب رہے گا۔