خواجہ ایڈیلیڈ ٹسٹ کیلئے زیرِ غور، بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کا اشارہ

   

Ferty9 Clinic

برسبین، 9 دسمبر (آئی اے این ایس) آسٹریلیا کے تجربہ کار اوپنر عثمان خواجہ کے ایڈیلیڈ میں تیسرے ایشز ٹسٹ کے لیے واپس اسکواڈ کا حصہ بننے کی توقع ہے، اگرچہ ان کا اوپننگ کرنا حتمی نہیں ہے۔ پرتھ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں، انگلینڈ کی بیٹنگ کے دوران کمر کی تکلیف کے باعث زیادہ وقت میدان سے باہر رہنے کے بعد خواجہ آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں اوپننگ کے لیے میدان میں نہ آسکے۔ ابتدا میں مارنس لیبوشین نے اوپننگ کی ذمہ داری سنبھالی، لیکن دوسری اننگز میں ٹریوس ہیڈ نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف بہترین کارکردگی دکھائی بلکہ ایک فیصلہ کن اور یادگار ایشز سنچری بھی اسکورکی۔ خواجہ کی ممکنہ واپسی کے نتیجے میں وہ دوبارہ اوپننگ پرآ سکتے ہیں، جس سے ٹریوس ہیڈ کو نیچے نمبر 5 پر جانا پڑے گا۔ تاہم ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے زور دے کر کہا کہ اوپننگ ان کی واحد ممکنہ مقام نہیں ہے۔ اگر خواجہ کو واپس شامل کیا گیا تو غالب امکان ہے کہ اس سے جاش اِنگلس کو باہر ہونا پڑے گا۔ میکڈونلڈ نے منگل کو کہا ہمارے پاس کئی کھلاڑی ہیں جو اس سیریز میں پوری طرح تیار ہیں اور ٹیم کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، یہ سمجھنا کہ ’اوزی‘ صرف اوپننگ کر سکتا ہے میرے خیال میں اس میں لچک موجود ہے (کہ وہ کہیں اور بھی بیٹنگ کر سکتے ہیں)۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے تمام بیٹرز آرڈر میں کہیں بھی بیٹنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہمارے پاس بیٹرزکا ایک مجموعی گروہ ہے جسے سیریز آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ حریف ٹیم کی مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس لیے ہم اس بارے میں کھلے ہیں کہ آگے بیٹنگ آرڈرکی شکل کیا ہو سکتی ہے۔ خواجہ نے2021-22 کی ایشز سیریز میں ٹسٹ کرکٹ میں واپسی کے وقت نمبر5 پر بیٹنگ کی تھی، اس کے بعد ہیڈ کے لیے جگہ نکالنے کے لیے اوپر آکر اوپننگ کی ذمہ داری سنبھالی۔ میکڈونلڈ کے مطابق اْس کے بعد سے خواجہ کو دوبارہ نیچے بھیجنے کے امکان پرکوئی بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا ہم کافی عرصے سے ان کے لیے اوپننگ پارٹنر ڈھونڈ رہے تھے۔ وہ وہاں اوپر ایک مستحکم کردار ادا کر رہے ہیں، اس لیے ہم نے انہیں وہاں سے ہٹانے پر پہلے کبھی بات نہیں کی لیکن ہم آگے بڑھتے ہوئے اس بات کے لیے کھلے ہیں کہ بیٹنگ ماڈل کیسا ہو سکتا ہے، اگر کسی جگہ تبدیلی کی ضرورت پڑتی ہے۔ چاہے ٹریوس اوپننگ کرے یا وہ واپس مڈل آرڈر میں جائے، یہ سب وقت کے ساتھ واضح ہو جائے گا۔ ہم ہر ٹسٹ کو الگ دیکھ رہے ہیں۔