حیدرآباد۔یکم؍ جون، ( سیاست نیوز) سعید آباد کے علاقہ خواجہ باغ میں شوہر نے جنسی خواہشات کی تکمیل نہ کرنے پر بیوی کا قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق 24 سالہ جے ترون کی لو میریج 20 سالہ رونسی سے ہوئی تھی۔ انہیں دو سال کا لڑکا بھی ہے اور 16 اپریل کو ایک لڑکی بھی تولد ہوئی۔ 20 مئی کو ترون نے اپنی بیوی کو خواہشات کی تکمیل کا اصرار کیا اور بیوی نے طبیعت کی خرابی کے باعث انکار کردیا۔ شوہر نے بیوی کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کرتے ہوئے اس کا گلا گھونٹ دیا۔ بے ہوشی کی حالت میں شوہر نے رونسی کو خانگی دواخانہ منتقل کیا تھا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ سعید آباد پولیس نے سی آر پی سی کی دفعہ 174 ( مشتبہ حالت میں موت ) کا ایک مقدمہ درج کیا تھا اور نعش کا پوسٹ مارٹم کروایا تھا۔ تحقیقات کے دوران فارنسک ماہرین نے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں یہ ظاہر کیا کہ خاتون کی موت گلا گھونٹنے سے ہوئی ہے۔ اس انکشاف کے بعد پولیس نے شوہر کو حراست میں لے کر تفتیش کی جس پر اس نے اقبال جرم کیا۔ پولیس نے شوہر کو گرفتار کرکے اسے چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا۔ب