اجمیر : راجستھان میں اجمیر واقع حضرت خواجہ غریب نوازؒ کی درگاہ کی منتظمہ کمیٹی کے اہلکاروں نے آج درگاہ واقع ناظم دفتر پر اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کیا۔ درگاہ کمیٹی امپلائی ڈیویلپمنٹ آرگنائیزیشن کی اپیل پر درگاہ کمیٹی کے اہلکار سیاہ پٹی باندھ کر اور ہاتھوں میں تختیاں لیے احتجاجی مظاہرہ کرتے نظر آئے ۔ تنظیم کے سکریٹری عسکر خان نے بتایا کہ درگاہ کمیٹی ناظم ان کے مطالبات پر توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ تنظیم کا مطالبہ ہے کہ پانچ سال تک کام کرنے والے اہلکاروں کو مستقل کرنے 9، 18، 27 پے اسکیل کا فائدہ اہلکاروں کو دینے ، روزانہ تنخواہ اہلکاروں کو گریڈ ورک میں شامل کرنے ، تنظیم کو الاٹ دفتر دوسری جگہ دیے جانے سے متعلق میمورنڈم ناظم کو پہلے دیا جا چکا ہے لیکن ان کے مطالبات پر توجہ نہیں دی جا رہی ہے لہٰذا مجبوراً آج سیاہ پٹی باندھ کر مظاہرہ کرنا پڑا ہے ۔