اجمیر۔ 4مارچ (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے اجمیر میں خواجہ معین الدین چشتیؒ کا 808 واں سالانہ عرس کل نویں کے قل (بڑا قل ) کے ساتھ باقاعدہ اختتام پزہو جائے گا ۔ قل کے موقع پر درگاہ احاطے کو عقیدت مندوں کی جانب گلاب اور کیوڑے کے پانی سے دھونے کی مذہبی و روایتی رسم ادا کی جائے گی ۔ بڑے قل کے موقع پر صبح 5بجے سے 11 بجے تک ادا کی جانے والی رسم کے بعد انجمنوں کی جانب سے سب کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی اور بلند دروازے پر چڑھایا گیا عرس کا جھنڈا اتار لیا جائے گا ۔ اسی کیساتھ رجب ماہ کی یکم تاریخ سے شروع ہوا عرس اختتام پزیر ہو جائے گا ۔ بڑے قل کو مدِ نظر رکھتے ہوئے درگاہ علاقے میں رونق برقرار ہے اور یہی زائرین نے قیام کیا ہے ، جنہیں قل کی مذہبی رسم میں شریک ہونا ہے ۔ یہ لوگ قل کے پانی کو بوتلوں میں بھر کر اپنے گھروں کو لے جائیں گے ۔ عرس مکمل ہونے پر ضلع اور پولیس انتظامیہ بھی راحت کی سانس لے گی۔ ادھراجمیر میں پاکستان کے211 ارکان کے جتھے کی موجودگی سکیورٹی کے لحاظ سے انتظامیہ کیلئے بڑا کام ہے ۔ عرس اختتام پذیر ہونے کے باوجود وہاں کی حکومت کی چادر پیش نہیں کرائے جانے کا منصوبہ ہے ۔