حیدرآباد۔30 جون(سیاست نیوز) حکومت نے تلنگانہ اردو اکیڈمی صدر کے عہدہ پر ٹی آر ایس قائد خواجہ مجیب الدین کو نامزد کرنے احکام جاری کئے ہیں۔ محکمہ اقلیتی بہبود سے جاری جی او ایم ایس نمبر 36کے مطابق تلنگانہ اردو اکیڈمی میں بہ اعتبار عہدہ ارکان سیکریٹری محکمہ فینانس ‘ پرنسپل سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود ‘ ڈائرکٹر کمشنر اقلیتی بہبود و ڈائرکٹر سیکریٹری اردو اکیڈمی ہونگے۔ بہ اعتبار عہدہ سرکاری احکامات کے مطابق 4 ارکان ہوں گے ان کے علاوہ کسی اور کی اکیڈمی میں نامزدگی عمل میں نہیں آئی ہے ۔ صدرنشین وقف بورڈوصدرنشین حج کمیٹی کے علاوہ تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے تقرر کے بعد کہا جا رہاتھا کہ اردو اکیڈمی کی صدارت حلیف جماعت مجلس کے حوالہ کی جائیگی لیکن حکومت سے آج احکامات کی اجرائی کے بعدیہ گنجائش باقی نہیں رہی۔ حکومت کی جانب سے جناب محمد خواجہ مجیب الدین کو صدر تلنگانہ اردو اکیڈمی نامزد کئے جانے کے بعد کہا جا رہاہے کہ اکیڈمی میں ڈائرکٹر سیکریٹری عہدہ پر مستقل عہدیدار کے تقرر کے اقدامات ناگزیر ہیں۔ جناب خواجہ مجیب الدین نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے انہیں صدر اردو اکیڈمی پر نامزد کئے جانے پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اس ذمہ داری کو وہ بہتر نبھانے کی کوشش کریں گے۔جی او کے مطابق صدر کی معیاد 3سال ہوگی۔م