25 لاکھ روپئے لوٹنے والی ٹولی کا پردہ فاش
حیدرآباد۔ 12 ستمبر (سیاست نیوز) پاکستانی اداکارہ اور مشہور یو ٹیوبر کی تصویر بناکر شادی کے نام پر 25 لاکھ روپے لوٹنے والی ایک ٹولی کا سائبر کرائم پولیس نے پردہ فاش کردیا۔ شادی کے لئے رشتہ تلاش کرنے والے ایک نوجوان کو پاکستانی اداکارہ کی تصویر دکھا کر جال میں پھانسا گیا۔ اس اداکارہ کی خوبصورتی کو دیکھ کر اس کی شخصیت سے عدم واقفیت رکھنے والے نوجوان نے لاکھوں روپے گنوادی۔ شکایت کے بعد کارروائی کرتے ہوئے سائبر کرائم پولیس نے 24 سالہ انیس محمد یاسین پنڈیکر ساکن بیجاپور اور 31 سالہ محمد عبدل عامر ساکن حیدرآباد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس ٹولی کی ایک اور خاتون رکن زہرہ فاطمہ ساکن بیجاپور مفرور بتائی گئی ہے۔ سائبر کرائم پولیس کے مطابق شکایت گذار مارچ 2023 سے رشتہ تلاش کررہا تھا اور اسی دوران ’’خوبصورت رشتے‘‘ کے نام سے انسٹاگرام آئی ڈی سے وہ متاثر ہوا جس پر خوبصورت خاتون کی تصویر لوڈ کی ہوئی تھی۔ اس سے متاثر ہوکر شکایت گذارنے رابطہ قائم کیا جہاں ایک خاتون سے اس کی بات چیت کا آغاز ہوا جس نے شادی کے لئے رضامندی ظاہر کی۔ اس دوران ویڈیو کالس پر بھی بات چیت ہوئی جس کے بعد ضروری کام اور صحت کے مسئلہ پر رقمی ضرورت کا بہانہ بناتے ہوئے دھوکہ باز خاتون نے شکایت گذار کو مکمل جال میں پھانس لیا اور شکایت گذار نے 25 لاکھ روپے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کرلئے۔ جب شکایت گذار کو اس بات کا پتہ چلا کہ یہ خوبصورت تصویر پاکستانی مشہور یوٹیوبر پر یتا شاہ کی ہے تو اس نے خاتون سے رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا اور انکار پر اس نے پولیس میں شکایت کردی اور پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ ع