نئی دہلی ۔ /13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آئی این ایکس میڈیا میں رشوت ستانی کے مقدمہ میں تہاڑ جیل میں محروس سابق وزیر فینانس پی چدمبرم کی ایک درخواست کو دہلی کی ایک عدالت نے جمعہ کو مسترد کردیا جس میں انہوں نے رقمی ہیرپھیر کے مقدمہ میں خودسپردگی کی استدعاء کی تھی ۔ سابق جج اجئے کمار کوبر نے ان کی درخواست کو مسترد کردیا ۔ انفور سمنٹ ڈائرکٹورٹ نے جمعرات کو عدالت سے کہا تھا کہ آئی این ایکس میڈیا کیس میں چدمبرم کی گرفتاری ضروری ہے اور مناسب وقت پر انہیں گرفتار کرے گی ۔ چدمبرم کے وکیل نے استدلال پیش کیا کہ ای ڈی کا ادعاء غلط ارادروں پر مبنی ہے اور یہ انہیں مشکلات میں مبتلا کرنے کے مقصد پر مبنی ہے ۔ 73 سالہ چدمبرم آئی این ایکس میڈیا رشوت ستانی کیس میں پہلے ہی عدالتی تحویل میں ہیں اور سی بی آئی ان سے پوچھ گچھ کررہی ہے ۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور ایڈوکیٹ کپل سبل نے ان کی پیروی کرتے ہوئے عدالت سے کہا کہ ای ڈی کے اہلکار /20 اور /21 اگست کو چدمبرم کی گرفتاری کے لئے ان کے گھر پہونچے تھے اور اب (ای ڈی) ایسا (گرفتار) کرنا نہیں چاہتے بلکہ صرف اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ وہ (چدمبرم) بدستور عدالتی تحویل میں رہیں ۔