خودکشیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان پر محمد محمود علی کا اظہار تشویش

   

زندگی قدرت کا انمول تحفہ ، خودکشیوں کے خلاف شعور بیداری پروگرام ، وزیر داخلہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : وزیر داخلہ تلنگانہ محمد محمود علی نے نوجوانوں حتی کہ معصوم بچوں میں خود کشیوں کا رجحان پروان چڑھنے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ زندگی خدا کا انمول تحفہ ہے ۔ حالت کا سامنا کرتے ہوئے اپنے نشانہ کو عبور کرنے کا مشورہ دیا ۔ بیگم پیٹ میں منعقدہ اسپندنا ایڈا انٹرنیشنل فاونڈیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ محمد محمود علی نے کہا کہ آئے دن اخبارات اور ٹیلی ویژن میں پڑھنے اور دیکھنے کے علاوہ سننے کو مل رہا ہے ۔ طلبہ برادری امتحانات میں ناکام ہونے ، نوجوان محبت میں ناکام ہونے ، ملازمتیں نہ ملنے پر دلبرداشتہ ہونے کے علاوہ دوسرے چھوٹے چھوٹے مسائل کی وجہ سے خود کشیاں کررہے ہیں حد تو یہ ہے کہ معصوم بچوں کو موبائل فون پر ویڈیو گیم کھیلنے سے روکنے اور ان سے فون چھین لینے یا کسی کو فون نہ دلوانے پر بھی وہ خود کشی کررہے ہیں جو سماج میں ایک خطرناک رجحان بن کر یہ مسئلہ ابھر رہا ہے ۔ وزیر داخلہ نے طلبہ ، نوجوانوں اور معصوم بچوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے مسائل پر اپنے والدین ، بھائی بہنوں ، دوستوں استادوں اور بزرگوں سے بات کریں اور پریشانیوں کا حل دریافت کریں ۔ خود کشی کرنا مسئلہ کا حل نہیں ہے ۔ عجلت پسندی میں کئے جانے والے اقدام سے والدین پر کیا گزرتی ہوگی اس پر سنجیدگی سے غور کریں ۔ کیوں کہ زندگی خدا کا دیا ہوا انمول تحفہ ہے ۔ ساری کائنات میں سوائے انسانوں کے دوسرے کوئی خودکشیاں نہیں کرتے ۔ انہوں نے اسپندنا ایڈا فاونڈیشن کی جانب سے خود کشیوں کی روک تھام کے لیے شروع کردہ شعور بیداری پروگرامس کی ستائش کی اور اس کو وقت کا اہم تقاضہ قرار دیا ۔۔