فون کال ڈیٹا کا جائزہ، پنجہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /10 فبروری (سیاست نیوز) تلگو ٹی وی اینکر جھانسی خودکشی کیس میں پنجہ گٹہ پولیس نے تحقیقات میں شدت پیدا کرتے ہوئے متوفی کے بوائے فرینڈ کو آج حراست میں لے لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سوریہ تیجا کو پولیس نے اپنی حراست میں لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے جس میں بعض حقائق کا پتہ چلنے کی اطلاع ہے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ /6 فبروری کو جھانسی نے اپنے فلیٹ واقع پنجہ گٹہ میں ایک شخص سے فون پر گفتگو کرنے کے بعد پھانسی لیکر خودکشی کرلی تھی اور پولیس نے اس ضمن میں تحقیقات کرتے ہوئے فون کال ڈیٹا کی بنیاد پر سوریہ تیجا کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا تھا جبکہ متوفی اینکر کی ماں نے بھی سوریہ تیجا کے خلاف اس کی بیٹی کو ہراساں کرنے کی شکایت کی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ تفتیش کے دوران جھانسی کے بوائے فرینڈ نے پولیس عہدیداروں کو یہ بتایا کہ ٹی وی اینکر تلگو فلموں میں کام کرنے کیلئے گری نامی شخص جس کا تعلق تلگو فلم صنعت سے ہے اس سے ربط میں تھی اور آئے دن شوٹنگ کیلئے اس کے ساتھ جارہی تھی جس پر تیجا نے اعتراض کیا تھا ۔ گری سے بات چیت کیلئے بھی اس نے منع کیا تھا لیکن جھانسی فلم شوٹنگ پر مسلسل جارہی تھی جس کے نتیجہ میں تیجا نے اس کا نمبر بلاک لسٹ میں ڈال دیا تھا اور اس سے دوری اختیار کرلی تھی جس سے دلبرداشتہ ہوکر ٹی وی اینکر نے پھانسی لے لی ۔ پولیس اس معاملے کی مزید تحقیقات کررہی ہے ۔