خودکشی کے واقعات کے باوجود چیف منسٹر کا بے حسی کا رویہ افسوسناک

   

گورنر سے خصوصی اختیارات کا استعمال کرنے اپیل، پونم پربھاکر کا بیان
حیدرآباد۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر نے الزام عائد کیا کہ آر ٹی سی ملازمین کی خودکشی کے واقعات کے باوجود چیف منسٹر اپنے رویہ میں تبدیلی سے قاصر ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کے سی آر کو ایک بے حس چیف منسٹر قراردیا جنہیں انسانی ہمدردی کا کوئی جذبہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ہڑتال اور ملازمین کے مسائل کو جان بوجھ کر کے سی آر نظرانداز کررہے ہیں۔ عہدیداروں کے ذریعہ ہائی کورٹ کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ آر ٹی سی مالی موقف کے بارے میں عہدیداروں نے ہائی کورٹ میں جو رپورٹ داخل کی اس پر فاضل ججس نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ حکومت جان بوجھ کر عدلیہ کو گمراہ کررہی ہے تاکہ آر ٹی سی ہڑتال کو غیر قانونی قراردیاجاسکے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ہڑتال کو ایک ماہ مکمل ہونے کو ہے لیکن کے سی آر مطالبات پر مذاکرات کے لیے تیار نہیں۔ پربھاکر نے کہا کہ دراصل چیف منسٹر کی توجہ آر ٹی سی کو خانگیانے پر ہے تاکہ ہزاروں کروڑ کے اثاثہ جات قریبی افراد میں تقسیم کئے جاسکیں۔ کئی اضلاع میں آر ٹی سی کے اثاثہ جات کی تقسیم کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی اموات میں دن بہ دن اضافہ باعث تشویش ہے۔ دو ماہ سے ملازمین کی تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں اور معاشی پریشانیوں سے تنگ آکر ملازمین خودکشی کا راستہ اختیار کررہے ہیں۔ تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر نے آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ کئی وعدے کئے تھے لیکن تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے ساتھ ہی وعدوں کو فراموش کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں اور عوامی تنظیموں کی تائید سے ہڑتال کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور مسائل کی یکسوئی تک حکومت کے آگے سرتسلیم خم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے ریاستی گورنر سے اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے مداخلت کرنے اور آر ٹی سی ورکرس کا تحفظ کرنے کی اپیل کی۔