خود ساختہ امریکی سپاہی ، نائیجریائی خاتون گرفتار

   

حیدرآباد 22 اپریل (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) کی سائبر کرائم پولیس نے ایک نائجیرین خاتون کو گرفتار کرلیا جو خود کو امریکی فوجی ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دے رہی تھی۔ سائبر کرائم پولیس کے بموجب نومبا ریمانڈ ایفینی نے جو نائجیریائی خاتون بتائی گئی ہے، ایک خاتون کو اُس نے بتایا کہ وہ امریکی فوج میں ملازمت کرتی ہے اور ڈیوٹی انجام دینے کے دوران اُسے سینکڑوں ڈالر برآمد ہوئے ہیں اور پوری رقم کو وہ اپنے پاس نہیں رکھ سکتی جس کے سبب وہ اِس رقم کو اُسے دینا چاہتی ہے۔ ہندوستان آنے پر اُسے اِس رقم کا 30 فیصد حصہ ادا کرنے کیلئے کہا گیا اور بعدازاں پارسل کی شکل میں ڈالرس بھیجنے کا وعدہ کرتے ہوئے اُس نے کسٹمز فیس اور انسداد دہشت گردی سرٹیفکٹ کے لئے جملہ ایک لاکھ پانچ ہزار کی رقم آن لائن حاصل کرلی۔ رقم منتقلی کے بعد دھوکہ باز نائجیریائی خاتون نے درخواست گذار خاتون کو فون کرکے دھمکایا کہ اُسے مزید رقم منتقل کرنی ہوگی ورنہ ممبئی پولیس اُسے کسی بھی وقت گرفتار کرسکتی ہے۔ درخواست گذار خاتون نے سائبر کرائم پولیس سے شکایت کی جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے نائجیریائی خاتون کو گرفتار کرلیا۔ سائبر کرائم پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا کے ذریعہ کسی بھی نامعلوم افراد سے دوستی نہ کریں اور دھوکہ دہی کا شکار نہ ہوں۔