حیدرآباد 19 اکٹوبر ( سیاست نیوز) ماؤسٹ سنٹرل کمیٹی نے پولیس کے آگے خودسپرد نکسلائٹس قائدین وینوگوپال اور آسنا کو سی پی آئی (ماؤسٹ) سے معطل کرنے احکام جاری کئے اور پریس نوٹ جاری کیا ۔ کہاگیا کہ ریاست ماؤسٹ اصولوں سے انحراف کرکے پولیس کے آگے ہتھیار ڈالنے والے قائدین کو سی پی آئی (ماؤسٹ)سے معطل کردیا گیا ہے۔ یہ مکتوب سرکردہ نکسلائٹ ’ابھئے‘ کی جانب سے جاری کیاگیا ہے۔ اس میں دعویٰ کیا گیا کہ اس طرح کی خودسپردگی اور ہتھیار ڈالنے سے ان کی مسلح تحریک متاثر نہیں ہوگی اور نظریاتی جنگ جاری رہے گی۔ کامریڈ ابھئے نے خود سپرد ماؤسٹوں کوغدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ماؤنواز تحریک کو کچلنے کی کوشش کر رہے ہیں ان کے آگے خود سپردگی ان کے ذہنی دیوالیہ پن کو ظاہر کرتی ہے جو تحریک سے غداری ہے۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت سے بھاری پولیس جمعیت اور ہتھیاروں سے لیس کمانڈوز کے ذریعہ بھی ماؤسٹ نظریات کو ختم نہیں کیاجاسکا اور اب بھی تحریک زندہ ہے ۔ آسنا اور وینوگوپال کے ساتھ چند کارکنوں کی خودسپردگی سے تحریک کو کوئی نقصان نہیں ہوگا ۔3