حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : مجلس کے صدر اور رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی نے دعویٰ کیا کہ شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف ترنگا یاترا میں دیڑھ لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی ۔ ایک قومی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے اسد اویسی نے کہا کہ احتجاج کرنا ہمارا جمہوری حق ہے اور قومی پرچم ترنگے کے ساتھ عوام نے شرکت کی ۔ دیڑھ لاکھ سے زائد حیدرآباد کی غیور عوام نے حصہ لیا ۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے منعقدہ ملین مارچ میں قومی اور بین الاقوامی میڈیا نے 10 لاکھ افراد کی شرکت کی توثیق کی تھی ۔ یونائٹیڈ مسلم ایکشن کمیٹی نے 10 جنوری کو عیدگاہ میر عالم تا شاستری پورم احتجاج منظم کیا تھا ۔ ریالی اور جلسہ عام میں عوام کی تعداد کے بارے میں مختلف اندازے قائم کئے جارہے تھے ۔ تاہم صدر مجلس نے دیڑھ لاکھ سے زائد افراد کی شرکت کا اعتراف کرتے ہوئے قیاس آرائیوں کو ختم کردیا ۔۔