نیویارک : امریکی صدر جو بائیڈن کے مطابق ایک خود مختار اور جمہوری فلسطین، اسرائیل کے مستقبل کو یقینی بنانے کا ’’بہترین طریقہ‘‘ ہے۔ بائیڈن نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی برادری کو مشرق وسطیٰ کے تمام لوگوں کے لیے ایک وسیع تر امن و سلامتی والے مستقبل کی کوشش کرنی چاہیے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب امریکی صدر جو بائیڈن نے خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی بات کی ہو۔ اس سے قبل 21 مئی 2021 کو بھی وہ یہ بات کر چکے ہیں۔ امریکی صدر کی جانب سے ایک بین الاقوامی فورم پر اس بات کے اعادے سے اس معاملے کی اہمیت بڑھ سکتی ہے۔