حیدرآباد۔/12 جولائی، ( سیاست نیوز) خود کو پولیس ظاہر کرتے ہوئے ضعیف شہریوں کو لوٹنے والے ایک بدنام زمانہ عادی رہزن کو پولیس ایل بی نگر نے گرفتار کرلیا جو پولیس کی نظر میں دھول جھونک رہا تھا ۔ خود کو پولیس ظاہر کرتے ہوئے ضعیفوں کو لوٹ رہا تھا اور جوانوں کو دھمکارہا تھا۔ ایل بی نگر پولیس نے اس بدنام زمانہ عادی رہزن 27سالہ رماوت نریش کو گرفتار کرلیا جو رمنتا پور ضلع میڑپلی کا ساکن اور گورارم ولیج نلگنڈہ کا متوطن ہے۔ پولیس نے اپنی کارروائی کے دوران100 گرام سونا اور ایک موٹر سیکل کو ضبط کرلیا ۔ جس کی مالیت تین لاکھ 50 ہزار بتائی گئی ہے۔ رماوت نریش کو گزشتہ دنوں پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے جیل منتقل کیا تھا۔ اس نے 5 وارداتیں ایل بی نگر اور دیگر وارداتیں کاچیگوڑہ میں انجام دی اور سابق میں ایل بی نگر حدود میں 7 وارداتیں انجام دینے پر ایل بی نگر پولیس نے اسے جیل منتقل کیا تھا۔ رماوت نریش ایسے بس اسٹاپ پر واردات انجام دیتا تھا جو ہر وقت مصروف اور مسافرین سے بھرا ہوا رہتا ہے۔ ایسے بس اسٹاپس پہنچ کر یہ سارق اپنے آپ کو پولیس ظاہر کرتا تھا اور ضعیف شہریوں کو سامان کی حفاظت کا مشورہ دیتے ہوئے ان کی انگوٹھیاں اور گلے سے زیورات کا بہ آسانی سرقہ کرتا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار رہزن توجہ ہٹا کر سرقہ کرنے میں مہارت رکھتا ہے۔ پولیس نے اس خود ساختہ نقلی پولیس کو جیل منتقل کردیا۔
