خود کی پارٹی میں کرسی کا کوئی ٹھکانہ نہیں، چیف منسٹر کی کرسی پر بیٹھنے والوں کی تبدیلی کی پیش قیاسی

   

قائد ایوان مقننہ بی جے پی مہیشور ریڈی کے بیان پر صدر پی سی سی مہیش کمار گوڑ کا شدید ردعمل
حیدرآباد۔2۔نومبر۔(سیاست نیوز) خود کی پارٹی میں جن کی کرسی کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے وہ ریاست میں چیف منسٹر کی کرسی پر بیٹھنے والوں کی تبدیلی کی پیش قیاسی کر رہے ہیں۔ صدرتلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر مہیش کمار گوڑ نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قائد ایوان مقننہ بی جے پی مسٹر اے مہیشور ریڈی کی جانب سے کی گئی پیشن گوئی کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جن کا خود کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے وہ کانگریس کے داخلی معاملات کا تذکرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے اے مہیشور ریڈی سے استفسار کیا کہ وہ بتائیں کہ انہیں کانگریس پارٹی ہائی کمان میں جاری سرگرمیوں کے متعلق کہاں سے علم ہوا ہے اور وہ کس طرح سے یہ دعویٰ کرسکتے ہیں کہ تلنگانہ میں چیف منسٹر کو تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں!مسٹر مہیش کمار گوڑنے کہا کہ اپوزیشن قائدین اس طرح کی قیاس آرائیوں کے ذریعہ عوام میں بے چینی پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جبکہ کانگریس پارٹی ہائی کمان نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام نے جو اعتماد کانگریس پر ظاہر کیا ہے اس کے مطابق ریاست میں مستحکم حکومت کی فراہمی کے ذریعہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو مکمل کیا جائے ۔ صدرپردیش کانگریس نے کہا کہ ریاستی حکومت عوام کی توقعات کے مطابق کام کررہی ہے اور کانگریس پارٹی نے ریاست میں اقتدار حاصل کرنے سے قبل جو وعدہ عوام سے کئے تھے انہیں پورا کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے عوام سے وہی وعدے کئے ہیں جو کہ ممکن ہیں اور جنہیں قابل عمل بنایا جاسکتا ہے اور حکومت اپنے طور پر کام کر رہی ہے جس کا جواب اپوزیشن جماعتیں دینے سے قاصر ہیں اسی لئے وہ بے بنیاد پروپگنڈہ کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔مسٹر مہیش کمار گوڑنے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے 6ضمانتوں پر عمل آوری کے ساتھ ساتھ جو وعدے نہیں کئے گئے تھے ان پر بھی عمل آوری کے اقدامات کئے جار ہے ہیں۔ انہو ںنے ریاست میں بی سی طبقات کی مردم شماری کے سلسلہ میں کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے اسے بانٹنے کی کوشش قرار دیا جاتا رہا ہے لیکن کانگریس نے عوام سے کئے گئے وعدہ کو پورا کرنے کافیصلہ کیا ہے اور 5 نومبر کو گاندھی آئیڈیالوجی سنٹر بوئن پلی میں طبقاتی مردم شماری کے سلسلہ میں اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں قائد اپوزیشن پارلیمانی پارٹی مسٹر راہول گاندھی شرکت کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ راہول گاندھی اس اجلاس کے دوران پارٹی قائدین کے علاوہ مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات سے ملاقات کرتے ہوئے انہیںطبقاتی مردم شماری کے سلسلہ میں واقف کروائیں گے۔ صدرپردیش تلنگانہ کانگریس نے بتایا کہ کانگریس پارٹی اور کانگریس پارٹی قائدین نے ان پر کی جانے والی تنقیدوں کو کبھی منفی نہیں لیا بلکہ ان تنقیدوں کو مثبت طور پر لیتے ہوئے پارٹی قائدین اپنی حکمت عملی تیار کرتے رہے ہیں۔مسٹر مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ میں حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھانے سے قاصر اپوزیشن جو کہ بدعنوانیوں میں ملوث رہی ہے اور اپنے دو راقتدار میں بدعنوانیوں کو فروغ دینے کی ذمہ دار ہے وہ بھی ریاست میں چیف منسٹر کی تبدیلی کے متعلق قیاس آرائیوں کو فروغ دے رہے ہیں۔انہوں نے تلنگانہ میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی تبدیلی کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت مستحکم ہے اور حکومت میں کسی بھی طرح کی کوئی تبدیلی کے امکانات نہیں ہیں لیکن جو لوگ اپنی خواہشات کو اطلاعات کے طور پر پیش کر رہے ہیں انہیں اس کا جلد جواب مل جائے گا کیونکہ پارٹی اعلیٰ قیادت بالخصوص راہول گاندھی کو اپنے قائدین پر مکمل اعتماد ہے ۔انہو ںنے طبقاتی مردم شماری اور سروے کے لئے ارکان اسمبلی کو ذمہ داری تفویض کی جائے گی اوروہ اپنے حلقہ کے لئے ذمہ دارہوں گے ۔3