ورجینیا: آگر آپ خوشبودار صابن سے بہت سارا جھاگ بنا کر ہاتھ منہ دھورہے ہیں تو اس کا امکان ہے کہ مچھرآپ کی جانب زیادہ راغب ہوں گے اور قریب آکر کاٹ بھی سکتے ہیں۔اس کی وجہ یہ ہیکہ صابن کے کیمیائی اجزا تیز خوشبو رکھتے ہیں اور وہ اسی خوشبو کے دوش پر قریب آکر انسانوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ایک تحقیق کے مطابق پھولوں کی خوشبو والے صابن سے نہانے یا منہ دھونے پر آپ کا وجود مچھروں کے سامنے نمایاں ہوجاتا ہے۔ اس ضمن میں چار مشہور برانڈ کے صابن آزمائے گئے ہیں۔ورجینیا پولی ٹیکنک یونیورسٹی اور اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق جب مچھروں کو خون نہیں ملتا تو وہ پھولوں کے رس چوس کر اپنی غذائی کمی یا شکریات کی ضرورت پوری کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پھلوں اور پھولوں کی خوشبو والے صابن گویا انہیں احساس دلاتے ہیں کہ یہاں پھل یا پھول موجود ہے۔