خوشخبری! ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا ویکسین جاریہ سال کے آخرتک تیار ہو جائے گی

   

نیویارک ۔ عالمی صحت تنظیم کے سائنسداں ڈاکٹر سومیا سوامی ناتھن نے جمعرات کو کہا کہ کووڈ۔ انیس کی ویکسین بنانے کے لئے کئی جگہ کام آخری مرحلے میں ہے اور پوری امید ہے کہ کورونا کا ٹیکہ اس سال کے آخر تک ہمیں مل جائے گا۔اس کے علاوہ سوامی ناتھن نے کہا کہ انسداد ملیریا دوا ہائیڈروکسی کلوروکین کورونا وائرس انفیکشن کے علاج میں کارگر نہیں ہے بلکہ نقصان کر رہی ہے۔ اس لئے اس پر جاری سبھی ریسرچ اور ٹرائل کو روک دیا گیا ہے۔مستقبل میں اس مہلک وائرس سے بچنے والے ٹیکے کے سلسلہ میں سوامی ناتھن نے کہا کہ تقریبا دس امیدوار ہیومن ٹرائل کے مرحلے میں ہیں اور اس میں سے کم از کم تین امیدوار اس نئے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں جہاں ایک ٹیکے کا اثر ثابت ہوتا ہے۔موثر ٹیکے کو لے کر ڈبلیو ایچ او کی کوشش کا ذکر کرتے ہوئے سوامی ناتھن نے کہا کہ مجھے امید ہے۔ لیکن ٹیکہ تیار کرنا ایک بیحد مشکل عمل ہے اور اس میں بہت زیادہ غیر یقینی بھی ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ ہمارے پاس کئی الگ الگ امیدوار اور پلیٹ فارم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم خوش قسمت ہیں تو اس سال کے آخر تک ایک یا دو کامیاب امیدوار ہوں گے۔