خوشگوار ماحول میں عید و تہوار منائے جائیں

   

سنگاریڈی میں جائزہ اجلاس، کلکٹر کا خطاب، صیانتی انتظامات پر زور

سنگا ریڈی 13 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جاریہ ماہ عید میلاد النبی ﷺ اور گنیش تہوار ایک دن منعقد ہونگے چنانچہ ضلع میں خوشگوار ماحول اور امن و امان کے ساتھ عید و تہوار منعقد کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ اور پولیس متحرک ہوگئے اور اس خصوص میں ڈاکٹر شرتھ کلکٹر ضلع ، رمنا کمار ایس پی ، چندر شیکھر، مادھوری اڈیشنل کلکٹرس ، ناگیش ڈسٹرکٹ ریوینیو آفیسر مختلف محکمہ جات کے عہدیداران کے ہمراہ ایک اجلاس منعقد کیا جس میں سنگاریڈی ضلع کے علماء اکرام اورگنیش اتسو کمیٹی کے اراکین کے علاوہ سماجی قائدین نے شرکت کی۔ ڈاکٹر شرتھ کلکٹر نے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس ماہ میں عید میلاد النبی ﷺ اور گنیش تہوار ایک ہی دن آرہے ہیں۔ 18 ستمبر سے گنیش تہوار کا آغاز ہوگا اور عید میلاد النبی ﷺ 28 تاریخ کو ہے انہوں نے خواہش کی کہ دونوں تہواروں کا پرامن اور خوشگوار ماحول میں اہتمام کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے دونوں طبقہ کی عوام تعاون کریں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آنے کیلئے پولیس کی جانب سے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں ۔ امن و امان کی برقراری کیلئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور حساس مقامات پر پولیس کے سخت صیانتی انتظامات کئے جائیں گے ۔ سی سی کیمروں کے ذریعے بھی نظر رکھی جائے گی۔ انھوں نے عہدیداروں سے کہا کہ برقی سربراہی ، صاف صفائی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی آر ڈی او کمشنر بلدیہ ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ افیسر اور دیگر موجود تھے۔