ہیلسنکی: اقوام متحدہ کے زیر اہتمام سالانہ انڈیکس میں فن لینڈ Finland کو مسلسل پانچویں سال دنیا کا سب سے خوش ملک قرار دیا گیا ہے اور افغانستان دنیا کا سب سے زیادہ ناخوش ملک ہے۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ تازہ ترین فہرست یوکرین پر روسی حملے سے پہلے مکمل کی گئی تھی۔بلغاریہ، رومانیہ اور سربیا کی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے جبکہ جمعہ کو جاری ہونے والے ورلڈ ہیپی نیس ٹیبل میں لبنان، وینیزوئیلا اور افغانستان سب سے زیادہ تنزلی کا شکار ہوئے ہیں۔اقتصادی بحران سے دوچار لبنان ، زمبابوے سے بھی نیچے چلا گیا ہے اور 146 ممالک کی فہرست میں آخری نمبر پر موجود افغانستان سے محض ایک درجہ اوپر 145ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔پچھلے سال بھی سب سے نچلے درجے پر موجود جنگ زدہ ملک افغانستان اس سال بدترین انسانی بحران کی وجہ سے مزید تنزلی کا شکار ہو گیا ہے۔ ہندوستان اس فہرست میں 136ویں نمبر پر موجود ہے۔اس انڈیکس میں پاکستان کی پوزیشن میں بہتری آئی ہے اور خوش رہنے والے ملکوں میں پاکستان 103نمبر پر موجود ہے جبکہ اس رپورٹ کے شریک مصنف جان ایمانوئل ڈی نیو نے کہا یہ انڈیکس جنگ سے متاثرین کو پہنچنے والے مادی اور غیر مادی نقصانات کی یاد دہانی کراتا ہے۔لگاتار 10ویں سال جاری ہونے والی ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ میں لوگوں کی خوشی کا پیمانہ معاشی اور سماجی ڈیٹا کو رکھا جاتا ہے، یہ تین سال کی مدت میں ڈیٹا کی اوسط کی بنیاد پر صفر سے 10 کے پیمانے پر خوشی کا اسکور مقرر کرتا ہے۔اس فہرست میں ایک مرتبہ پھر شمالی یورپ کا غلبہ رہا ہے جہاں فن لینڈ کے بعد ڈنمارک دوسرے، سوئٹزرلینڈ تیسرے، آئس لینڈ چوتھے، نیدرلینڈز پانچویں اور ناروے چھٹے نمبر پر موجود ہے۔امریکہ تین درجے بہتری کے بعد برطانیہ کو ایک درجہ پیچھے چھوڑتے ہوئے 16 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔