خوفناک سمندری طوفان سعودی عرب کے شہر ابہا کے ساحل سے ٹکرا گیا

,

   

بری راستوں سے سفر نہ کرنے محکمہ موسمیات کا مشورہ ‘ غیریقینی موسمی حالات کے باعث اسکولس بند

ریاض : سعودی عرب کے علاقے عسیر کے قریب سمندر میں آنے والے خوفناک طوفان کے ساحل سمندر سے ٹکرانے کے مناظر سامنے آئے ہیں۔عسیر کے علاقے میں ابہا شہر کے شمال میں طوفان کے ٹکرانے کے دوران بنایا گیا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ طوفان سے قبل ابرآلود موسم نے علاقے کو ڈھانپ لیا تھا۔موسم کی خرابی کی تازہ لہر نے متعدد علاقوں کو متاثر کیا لیکن ابھا شہر نے موسم کا ایک غیر معمولی واقعہ دیکھا جہاں ایک درمیانے رفتار سے چلنے والا طوفان شہر کے شمالی دروازے سے ٹکرا گیا۔دوسری جانب سعودی عرب کے قومی موسمیاتی مرکزکے سرکاری ترجمان، حسین القحطانی نے ایکس پلیٹ فارم پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا کہ ابھا شہر میں موسم کی خرابی کے باعث طوفان شہر سے ٹکرا گیا تاہم اس کے نتیجے میں کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔القحطانی نے اس بات پر زور دیا کہ مرکز بارش کی صورت حال سے متاثرہ علاقوں میں دوسرے اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ موسمی حالات کے پیش نظر غیرضروری سفر سے گریز کریں۔محکمہ موسمیات نے بری راستوں سے سفر کرنے والوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر کا ارادہ ملتوی کردیں۔غیر یقینی موسمی صورتحال کے باعث جدہ، مدینہ اور رابغ میں پیر کو سکول بند رہے۔میڈیا کے مطابق محکمہ موسمیات کے ترجمان حسین القحطانی نے کہاہے کہ ’ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ گرد وغبار کے طوفان کا امکان ہے۔علاوہ ازیں موسلادھار ، گرج چمک اور حد نگاہ تک گرد وغبار سے صورتحال شدید متاثر ہوسکتی ہے جبکہ یہ کیفیت کسی بھی وقت اچانک ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہاہے کہ روڈ سیکیورٹی فورس سمیت محکمہ شہری دفاع اور ہلال احمر کے علاوہ تمام متعلقہ اداروں کو موسمی صورتحال سے ااگاہ کردیا گیا ہے‘۔واضح رہے کہ آج جدہ سمیت متعدد شہروں میں سکول بند رہے جبکہ امدادی اداروں میں ہنگامی حالت کی کیفیت دیکھی گئی۔موسم کی خرابی کے باعث عوام کو آمد ورفت میں شکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر رہیں۔