خوفناک سڑک حادثہ، مشہور عالم دین پی ایم مزمل شدید زخمی

   

کار مکمل تباہ، مزید تین افراد زخمی، ایک ساتھی فوت، محمد علی شبیر نے عیادت کی

کاماریڈی ۔ 31 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بنگلور کے مشہور عالم دین پی ایم مزمل آج سڑک حادثہ میں شدید زخمی ہوگئے ۔ جبکہ ان کے ایک ساتھی اس حادثہ مقام واقعہ پر انتقال کر گئے ۔ تفصیلات کے بموجب کرناٹک، بنگلور کے مشہور عالم دین آج مہاراشٹراکے پربھنی میں منعقدہ سیرت النبی ؐ کے جلسہ سے خطاب کے بعد پربھنی سے بنگلور روانہ ہونے کے لئے حیدرآباد ایرپورٹ جارہے تھے کہ کاماریڈی کے قریب ایک نامعلوم گاڑی ان کی کار سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے گاڑی مکمل تباہ ہوگئی اس واقعہ میں پی ایم مزمل شدید زخمی ہوگئے، اس واقعہ میں کار ڈرائیور شیخ جعفر متوطن نندیال ، مفتی انس ، حقانی تینوں کا تعلق نندیال سے ہے، تینوں شدید زخمی ہوگئے جبکہ اس حادثہ میں پی ایم مزمل کے خادم خاص ذبیع اللہ کا مقام حادثہ پر انتقال ہوگیا ۔ پی ایم مزمل کا حادثہ قومی شاہراہ 44 پر ہوا، صبح کے 4بجے یہ واقعہ ہوا تھا اس واقعہ کے وقت قریب کے دھابے میں موجود کاماریڈی کے افراد فوری یہاں پر پہنچ کر دیکھا تو پی ایم مزمل کو پہنچان لیا اور فوری ایمرجنسی سرویس 108 کو طلب کیا واضح رہے کہ پی ایم مزمل نے کاماریڈی میں کئی مرتبہ جلسوں سے مخاطب کیا تھا اور ان کی پہچان کاماریڈی کی دینی حلقوں میں عام ہے ۔ فوری جمعیت العلماء کے صدر حافظ فہیم الدین منیری ، جنرل سکریٹری سید عظمت علی ، مقصود ایڈوکیٹ ، محمد عبدالواجد و دیگر کو اطلاع دینے پر فوری دواخانہ پہنچ کر طبی سہولتیں فراہم کی ۔ پی ایم مزمل کی حالت تشویشنا ک ہونے پر انہیں حیدرآباد کے خانگی دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ خادم خاص ذبیح اللہ کی میت کو بعدپوسٹ مارٹم بنگلور کیلئے روانہ کردیا گیا ۔ اس واقعہ کی اطلاع کے بعد کاماریڈی میں ہلچل پیدا ہوگئی ۔ اور سینکڑوں افراد دواخانہ پہنچ کر تفصیلات حاصل کررہے تھے پولیس دیون پلی اس کیس کو درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔اس بات کی اطلاع ملنے پر سینئر کانگریسی قائد سابق ریاستی وزیر محمد علی شبیر حیدرآباد میں زیر علاج مولانا پی ایم مزمل سے دواخانہ پہنچ کر ملاقات کی اور ڈاکٹر وں سے بات چیت کی ۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ پی ایم مزمل کی حالت مستحکم ہے وہ خطرہ سے باہر ہیں اور دو دن آبزرویشن میں رکھنے کے بعد انہیں ڈسچارج کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ۔ محمد علی شبیر نے پی ایم مزمل سے صحت یابی اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہندوستان کے مایہ ناز عالم دین کی سڑک حادثہ میں زخمی ہونے پر تشویش کا بھی اظہار کیا ۔