حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) ضلع سنگا ریڈی کے ظہیر آباد رورل پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع موضع انجھول کے قریب کل شام کے اوقات میں ایک بھیانک سڑک حادثہ میں دو مسلم نوجوان ہلاک ہوگئے اور ایک زخمی ہوگیا ۔ انچارج سب انسپکٹر پولیس ناگا لکشمی کی اطلاع کے مطابق مصطفیٰ پٹیل ولد محمود پٹیل قاسمی مرحوم عمر 24 سال ساکن بلال پور کوہیر منڈل ، محمد سردار علی ولد شوکت علی متوطن رنجھول عمر 26 سال دونوں ایک موٹر سیکل پر سوار ہوکر حیدرآباد کی سمت جارہے تھے اور اسی وقت راج موہن ریڈی اپنی موٹر سیکل سے مخالف سمت سے آرہے تھے اور اس دوران ایک بڑا کنٹینر پیچھے سے دونوں کو دھکا دیا ، اسی وقت دونوں اس کی زد میں آگئے ۔ دونوں کو شدید زخمی حالت میں گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ وہ دونوں راستہ میں اپنے زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ دونوں نعشوں کو ظہیر آباد ایریا ہاسپٹل میں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا ۔ مصطفی ٰ پٹیل کو ان کے آبائی وطن موضع بلال پور میں واقع دارالعلوم مدرسہ عربیہ بلال پور میں بعدنماز ظہر ان کے بھائی حافظ محمد عظیم الدین پٹیل نماز جنازہ پڑھائی اور ان کی تدفین آبائی قبرستان میں عمل میں آئی ۔ واضح رہے کہ مولانا محمد محمود پٹیل قاسمی جمعیت العلماء ریاست آندھراپردیش اور تلنگانہ کے جنرل سکریٹری تھے اور مدرسہ عربیہ دارالعلوم بلال پور کے نا ظم تھے ۔ تقریباً ایک سال قبل ان کا انتقال ہوچکا ہے ۔